نئی دہلی/ آواز دی وائس
دہلی فسادات کی بڑی سازش کے معاملے میں ملزم عمر خالد کو دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت دینے سے انکار کیے جانے کے بعد سینئر وکیل اور راجیہ سبھا ممبر کپل سبل نے شدید سوالات اٹھائے ہیں۔
کپل سبل کا ردعمل
رپورٹ کے مطابق کپل سبل نے کہا کہ عدلیہ اس معاملے میں سماعت میں تاخیر کر رہی ہے اور یہ آئین کے آرٹیکل 21 کی خلاف ورزی ہے۔ ہم اس ناانصافی کے خلاف سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔
سبل نے کہا کہ اگر عدالت سالوں تک فیصلہ نہیں دیتی تو کیا قصوروار ہم ہیں؟ اگر آپ ضمانت نہیں دینا چاہتے تو کیس خارج کر دیجیے۔ 20-30 بار سماعت کیوں کرتے ہیں؟ یہ آئین کے آرٹیکل 21 کی خلاف ورزی ہے۔ اگر کوئی ہندوستان کی سالمیت کے لیے خطرہ بنتا ہے تو ہم ملک کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے ساتھ نہیں۔ لیکن بےگناہوں کے ساتھ کھڑا ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ خالد اور دیگر ملزمان دہلی ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے اور انہیں یقین ہے کہ وہاں ان کی بات سنی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج ہر شہری کا آئینی حق ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ ایجنسیاں یو اے پی اے کے تحت لوگوں کو جیل میں ڈال دیں۔
ججوں کے الگ ہونے پر سوال
کپل سبل نے کچھ ججوں کے بغیر وضاحت کیس سے الگ ہونے پر بھی سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ججوں کو وجہ بتانی چاہیے تاکہ فریقِ مقدمہ کو علم ہو کہ اس کے کیس کی سماعت کیوں نہیں ہو رہی۔
عدلیہ کی تاخیر اور خالد کا مقدمہ
سبل نے کہا کہ ہائی کورٹ میں پہلی اپیل پر 180 دن میں 28 سماعتیں ہوئیں لیکن ضمانت نہیں ملی۔ اس کے بعد خالد نے سپریم کورٹ کا رخ کیا لیکن وہاں کیس 272 دن تک زیرِ التوا رہا۔ جسٹس پرشانت کمار مشرا نے سماعت سے خود کو الگ کر لیا، پھر خالد کو کیس واپس لے کر نچلی عدالت میں جانا پڑا۔
سپریم کورٹ بارہا کہہ چکا ہے کہ ضمانت کے مقدمات کی فوری سماعت ہونی چاہیے، لیکن خالد کی دوسری اپیل پر دہلی ہائی کورٹ میں 407 دن تک سماعت ہوئی۔ 9 جولائی 2025 کو فیصلہ محفوظ کیا گیا مگر سنایا نہیں گیا۔ پھر جب یہ کیس دوسری بنچ کے پاس گیا تو اس نے بھی سماعت سے انکار کر دیا۔
ہائی کورٹ کی اس رائے پر کہ ملزمان کے وکلاء تاخیر کرتے رہے، سبل نے وضاحت کی کہ صرف دو بار ملتوی کرنے کی درخواست دی گئی تھی: ایک بار صحت کی وجہ سے اور دوسری بار اس لیے کہ سبل آئین کے آرٹیکل 370 کے مقدمے میں مصروف تھے۔
ثبوت اور الزامات پر سوال
سبل نے زور دیا کہ خالد نے یہ تقریر ممبئی میں دی تھی اور فسادات کے وقت وہ دہلی میں موجود ہی نہیں تھا۔ کوئی براہِ راست ثبوت نہیں، پھر بھی وہ پانچ سال سے جیل میں ہے اور ضمانت نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس مقدمے کی باقاعدہ سماعت ہوئی تو سب بری ہو جائیں گے اور یہ سازش بے نقاب ہو جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ استغاثہ نے "محفوظ گواہوں" کے بیانات ریکارڈ کیے ہیں لیکن انہیں ملزمان کو فراہم نہیں کیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ ایسے میں ملزمان اپنے دفاع میں بحث کیسے کر سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ چارج شیٹ محض ایجنسی کی رائے ہے، یہ ثبوت نہیں۔ اگر اسے ہی ثبوت مان لیا جائے تو کسی کو ضمانت نہیں ملے گی۔
سیاسی و سماجی خاموشی پر تنقید
کپل سبل نے سیاسی جماعتوں، وکلاء اور سماج کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ 53 لوگ مارے گئے، جن میں دو تہائی ایک ہی کمیونٹی سے تھے۔ جن سیاستدانوں نے اشتعال انگیز تقریریں کیں، کیا ان کے خلاف کارروائی ہوئی؟ اور جس جج نے سوال اٹھایا کہ ان پر مقدمہ کیوں نہیں چل رہا، اس کا تبادلہ کر دیا گیا۔ عدلیہ اور حکومت کا یہی حال ہے۔ ہمارے سیاسی لیڈر، وکیل اور سماج سب خاموش ہیں جبکہ عوامی سطح پر ناانصافی ہو رہی ہے۔ اس کے خلاف کون آواز اٹھائے گا؟