نئی دہلی/ آواز دی وائس
ہندوستان ایک بار پھر خلائی دنیا میں ایک نئی تاریخ رقم کرنے جا رہا ہے۔ سال 1984 میں ونگ کمانڈر راکیش شرما کے بعد اب ملک اپنے دوسرے خلا باز کو خلا میں بھیجنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا وہ ہندوستانی ہیں جو یہ تاریخی کارنامہ انجام دینے جا رہے ہیں۔ شبھانشو آج دوپہر 12 بج کر 1 منٹ پر ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر سے خلا کے لیے روانہ ہوں گے۔ بیٹے کی اس اڑان سے پہلے خاندان کے افراد کافی جذباتی نظر آئے۔
شبھانشو کا تعلق اتر پردیش کے دارالحکومت لکھنؤ سے ہے۔ آج ہونے والی پرواز کو لے کر ملک بھر میں خاص جوش و خروش دیکھا جا رہا ہے۔ جس اسکول سے شبھانشو نے تعلیم حاصل کی تھی، وہاں ان کے والد کا ریڈ کارپٹ پر استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر شبھانشو کے والد نے کہا کہ مجھے تو بیٹے پر فخر ہے ہی، لیکن یہ پورے ملک کے لیے بھی فخر کا لمحہ ہے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ کام بیٹا کر رہا ہے، اور نام ہمارا ہو رہا ہے۔ والد نے مزید کہا کہ ان کا مشن دوپہر 12 بجے کے آس پاس لانچ ہوگا۔ ہم مشن کے آغاز کے لمحے کو دیکھنے کے لیے بہت پرجوش اور خوش ہیں۔ ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ خدا سے دعا ہے کہ ان کا مشن کامیابی کے ساتھ مکمل ہو۔
ہم اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے: شبھانشو کی والدہ
شبھانشو کی والدہ نے بیٹے کی اس کامیابی پر کہا کہ یہ ہمارے لیے بہت ہی فخر کا لمحہ ہے۔ ساتھ ہی سب سے زیادہ فخر اس اسکول کے لیے ہے جس نے ہمارے بیٹے کو تعلیم دی۔ ہم چاہتے ہیں کہ شبھانشو کی طرح ملک کے اور بچے بھی ایسے ہی کارنامے انجام دیں۔ مجھے کسی قسم کا خوف نہیں ہے۔ صبح میری بیٹے سے بات ہوئی تھی۔ ہم اپنے جذبات کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتے۔ ہم بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں، ہم بہت خوش اور بے حد فخر محسوس کر رہے ہیں۔
کب ہوگا مشن لانچ؟
جس مشن کے ذریعے شبھانشو خلا میں جانے والے ہیں، اس کا نام ایکسیوم-4ہے۔ یہ مشن امریکہ کے فلوریڈا میں واقع ناسا کے کینیڈی اسپیس سینٹر کے لانچ کمپلیکس 39اے سے بدھ کو صبح 2:31 ای ڈی ٹی پر روانہ ہوگا۔ ہندوستانی وقت کے مطابق، لانچ دوپہر 12 بجے ہوگا۔
مشن میں کون کون شامل ہے؟
اس مشن میں اسپیس ایکس کا کریو ڈریگن اسپیس کرافٹ استعمال کیا جا رہا ہے، جو چار رکنی بین الاقوامی ٹیم کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن تک لے جائے گا۔ مشن میں شامل افراد میں
ڈاکٹر پیگی وِٹسن (مشن کمانڈر، امریکہ)
سلاووژ اوزنانسکی-وِسنِیوِسکی (پولینڈ)
تیبور کاپو (ہنگری)
اور شبھانشو شکلا (ہندوستان) شامل ہیں۔
یہ مشن ہندوستان کے لیے نہ صرف ایک سائنسی کامیابی ہے بلکہ نوجوانوں کے لیے ایک تحریک بھی بنے گا۔