نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو کہا کہ ضمانت کے مختصر (Cryptic) احکامات کو صرف اس بنیاد پر دوبارہ نہیں کھولا جانا چاہیے، کیونکہ کسی شخص کی آزادی عدالت کے حکم میں خامیوں پر نہیں بلکہ استغاثہ کے مقدمے کی مضبوطی پر منحصر ہوتی ہے۔
یہ ریمارکس عدالتِ عظمیٰ نے اتراکھنڈ حکومت کی اس اپیل کو مسترد کرتے ہوئے دیے، جس میں نینی تال ہائی کورٹ کی جانب سے فروری 2024 کے بنبھول پورہ تشدد کیس کے ملزم عبدالمالک کو دی گئی ضمانت منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔ 8 فروری 2024 کو مسجد کے انہدام کے دوران مبینہ طور پر ایک ہجوم نے سکیورٹی اہلکاروں پر پتھراؤ کیا، سرکاری اور نجی گاڑیوں کو آگ لگا دی، ایک پولیس تھانے کو نذرِ آتش کیا اور پولیس پر پیٹرول بم پھینکے۔
الزام ہے کہ اس پوری کارروائی کی سازش عبدالمالک کی رہائش گاہ پر تیار کی گئی تھی۔ ریاست کی جانب سے پیش ہوئے سینئر وکیل گورو بھاٹیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ ہائی کورٹ نے مناسب وجوہات بیان کیے بغیر مختصر حکم کے ذریعے ضمانت دے دی، جو سپریم کورٹ کے متعدد فیصلوں کے خلاف ہے۔
اس پر جسٹس جویملیا باگچی نے کہا، "مختصر ضمانتی احکامات کو بھی لازماً دوبارہ نہیں کھولا جانا چاہیے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اگر پرانے فیصلے اس کے برعکس ہیں تو ان پر بھی نظرثانی کی جا سکتی ہے، اور ساتھ ہی سوال اٹھایا کہ اس معاملے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کا اطلاق کیوں کیا گیا۔ جسٹس باگچی نے کہا، "اگر ایک ہجوم پولیس اسٹیشن جلا دیتا ہے تو اس سے لازماً یو اے پی اے کیسے لاگو ہو جاتا ہے؟" ریاستی وکیل نے جواب دیا کہ اس واقعے سے امنِ عامہ متاثر ہوا اور ایسے ملزم کو ضمانت دینے سے پولیس کا حوصلہ پست ہوگا۔
اس پر عدالت نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا، "اگر پولیس کے حوصلے کا مسئلہ ہے تو دو سال کے اندر ملزم کو سزا دلواتے۔ آپ اپنی بنیادی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ اس ناکامی کو چھپانے کے لیے ضمانت منسوخ کرانے کی خصوصی درخواست دائر نہیں کی جا سکتی۔
" عدالت نے واضح کیا کہ امنِ عامہ اور یو اے پی اے دو الگ قانونی تصورات ہیں، اور سخت انسدادِ دہشت گردی قانون کے اطلاق پر بحث کی جا سکتی ہے۔ جسٹس باغچی نے کہا، "آزادی عدالت کی غلطی یا درستگی پر منحصر نہیں ہوتی، بلکہ استغاثہ کے مقدمے پر منحصر ہوتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حقائق میں ہائی کورٹ کے تفصیلی حکم کی ضرورت نہیں تھی، صرف یہ ظاہر ہونا کافی ہے کہ عدالت نے معاملے پر غور کیا۔
انہوں نے یہ بھی نوٹ کیا کہ عبدالمالک دو سال سے حراست میں ہے، اس لیے اگر ضمانت غلط وجہ سے بھی دی گئی ہو تو بھی سپریم کورٹ اس میں مداخلت نہیں کرے گی۔ واضح رہے کہ نینی تال ہائی کورٹ نے 16 اپریل کو خصوصی جج ہلدوانی کے 6 فروری 2025 کے اس حکم کو کالعدم کرتے ہوئے عبدالمالک کو ضمانت دی تھی، جس میں ان کی درخواست مسترد کر دی گئی تھی۔
عبدالمالک 23 فروری 2024 سے عدالتی حراست میں ہیں۔ ان پر بھارتیہ نیائے سنہتا کی مختلف دفعات، یو اے پی اے، آرمز ایکٹ، عوامی املاک کو نقصان پہنچانے سے متعلق قانون اور کریمنل لا ترمیمی قانون کے تحت مقدمات درج ہیں۔ ریاستی حکومت نے ہائی کورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ عبدالمالک اور ان کے بیٹے اس تشدد کے اصل سازشی تھے۔