کشمیر: سنیل کا قتل پڑوسی گاوں کے جنگجو نے کیا

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-08-2022
کشمیر: سنیل کا قتل پڑوسی گاوں کے جنگجو نے کیا
کشمیر: سنیل کا قتل پڑوسی گاوں کے جنگجو نے کیا

 

 

سری نگر:جموں و کشمیر پولیس نے منگل کو سری نگر سے 65 کلومیٹر جنوب میں واقع گاؤں چوٹیگام میں ایک کشمیری ڈوگرہ نوجوان کے قتل میں ملوث دو دہشت گردوں کی شناخت کی ہے۔ ان میں سے ایک کی شناخت قریبی گاؤں کے عادل وانی کے نام سے ہوئی ہے، جسے گرفتار لیا گیا۔

گاؤں کٹ پورہ میں اس کا گھر دہشت گردوں کے ٹھکانے اور اسلحہ و گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال ہوتا تھا۔

عادل وانی کی شناخت مقتول کشمیری کے بھائی پتامبر کمار نے کی، جس کے جسم میں گولی لگنے کے زخم آئے ہیں اور وہ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ انہوں نے پولیس کو بتایا کہ عادل نے ایک اور شخص کے ہمراہ ان پر اس وقت فائرنگ کی جب وہ منگل کی صبح اپنے باغ کے اندر تھے۔ دوسرے قاتل کی شناخت فی الحال ظاہر نہیں کی جا رہی ہے۔

پولیس نے عادل وانی کی شناخت پاکستان کی حامی دہشت گرد تنظیم البدر کے سرکردہ دہشت گرد کے طور پر کی ہے۔ اس نے سنیل کمار کو قتل کرنے اور اس کے بھائی پتامبر کمار عرف پنٹو کو صبح سویرے زخمی کرنے کے بعد قریب ہی واقع گاؤں کٹ پورہ میں اپنے گھر میں پناہ لی تھی۔

پولیس ڈائریکٹر جنرل دلباغ سنگھ نے منگل کو پہلگام حادثے میں شہید ہونے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔ 

وہیں انہوں نے شوپیان قتل پر کہا کہ خطے کے لوگوں نے زمینی سطح پر مثبت تبدیلیوں کی حمایت کی ہے، جو کہ سماج دشمن عناصر کو پسند نہیں ہے۔ یہ وہ عناصر  ہیں جو امن کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گاؤں چوٹی گام کے مقامی مسلمانوں نے منگل کی صبح کشمیری پنڈت کی آخری رسومات میں شرکت کی۔اس کے علاوہ مسلمانوں بے گناہ کشمری پنڈت کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

شوپیان قتل کے بارے میں دلباغ سنگھ نے کہا کہ ملوث دو افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، جبکہ مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور سخت کارروائی کی جائے گی۔

عادل کے گھر میں موجود ہونے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے رات دیر گئے کٹ پورہ گاؤں کو گھیرے میں لے لیا۔ جب پولیس پارٹی عادل کے گھر کے قریب پہنچی تو وہ اندھیرے میں پولیس پارٹی پر دستی بم پھینک کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس نے ایک دہشت گرد کو پناہ دینے والے وانی کے والد اور تین بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور حکام نے جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس کے گھر کی تلاشی کے دوران پولیس نے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔

 دہشت گردوں نے وادی میں ٹارگٹ کلنگ کا سہارا لیا ہے۔ جون 2022 میں ایک بینک منیجر کا قتل کیا گیا، جب کہ  31 مئی کو کشمیر کے ضلع کولگام میں ایک خاتون ہندو ٹیچر رجنی بالا کو دہشت گردوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔