ممبئی/ / آواز دی وائس
بگ باس او ٹی ٹی 2‘ کے ونر اور مشہور یوٹیوبر ایلویش یادو ایک بار پھر سرخیوں میں ہیں۔ لیکن اس بار وجہ کوئی تنازع یا ہنگامہ نہیں ہے، بلکہ اس بار ان کے گڑگاؤں والے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ دن یعنی 17 اگست کو کچھ نامعلوم افراد نے ان کے گھر پر فائرنگ کی۔ اس بارے میں یوٹیوبر کے والد نے بھی بتایا کہ حملہ آوروں نے تقریباً 25 سے 30 راؤنڈ فائرنگ کی۔
اس حملے کی ذمہ داری گینگسٹر ہمانشو بھاؤ اور نیراج فریدپوریہ نے لی ہے۔ اب اپنے گھر پر ہوئی فائرنگ کے بعد ایلوش یادو کا پہلا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈل انسٹاگرام پر اس حوالے سے ایک پوسٹ کی۔
سامنے آیا ایلوش کا ردعمل
ایلوش یادو نے اپنی پوسٹ میں لکھا كہ آپ کی دعاؤں اور نیک خواہشات کے لیے میں دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ میں اور میرا خاندان محفوظ اور خیریت سے ہیں۔ ہمارے لیے آپ کی فکر مندی کے ہم بے حد شکر گزار ہیں، شکریہ۔
ہمانشو بھاؤ نے لی ذمہ داری
بتایا جا رہا ہے کہ بدنام زمانہ گینگسٹر ہمانشو نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی اور اس حملے کی ذمہ داری قبول کی۔ اس کے گینگ کے رکن راؤ اندر جیت یادو نے الزام لگایا کہ یہ فائرنگ نیراج فریدپور اور بھاؤ ریتولیا نے کی ہے۔ ساتھ ہی پوسٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ ایلویش نے جوا کو فروغ دیا ہے۔ اس میں دھمکی دی گئی ہے کہ جو بھی جوا کو بڑھاوا دے گا، اسے گولی یا کال کا سامنا کرنا پڑے گا۔ تاہم، اس پوسٹ کی ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی۔
کیا کہا ایلوش کے والد نے؟
ایلویش کے والد رام اوتار یادو نے بھی فائرنگ پر اپنا ردعمل دیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ واقعے کے وقت ایلویش گھر پر موجود نہیں تھے، وہ کام سے باہر گئے ہوئے تھے اور اس وقت باقی خاندان سو رہا تھا۔ رام اوتار نے مزید بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں تین بائیک سوار افراد نظر آئے ہیں۔ فی الحال پولیس اس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔