شیوکمار کی ووٹر فہرست نظرثانی میں تعاون کی اپیل

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 30-06-2026
شیوکمار کی ووٹر فہرست نظرثانی میں تعاون کی اپیل
شیوکمار کی ووٹر فہرست نظرثانی میں تعاون کی اپیل

 



بنگلورو (کرناٹک): کرناٹک کے وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ریاست کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ آج سے شروع ہونے والی خصوصی جامع نظرثانی (Special Intensive Revision - SIR) مہم میں بھرپور حصہ لیں اور اپنی ووٹنگ کا حق محفوظ رکھنے کے لیے تمام ضروری کارروائی مکمل کریں۔

پیر کے روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شیوکمار نے ووٹر فہرستوں کی تصدیق کی اس مہم کی اہمیت پر زور دیا اور شہریوں سے کہا کہ وہ انتخابی حکام کو مطلوبہ معلومات، دستاویزات اور نئی تصویر فراہم کریں۔ انہوں نے کہا، "کل سے ایس آئی آر کا آغاز ہو رہا ہے، پورے بھارت کی نظریں کرناٹک پر ہوں گی۔ میری سب سے اپیل ہے کہ اپنے ووٹ کو محفوظ رکھیں، کیونکہ ووٹ کا حق جینے کے حق کے برابر ہے۔ کرناٹک حکومت آپ کے ووٹ کے تحفظ کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انتخابی افسران مردم شماری فارم دیں گے، مطلوبہ معلومات طلب کریں گے، اس لیے ہر شہری نئی تصویر اور ضروری معلومات فراہم کرے۔"

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی عوام کو مطلوبہ معلومات فراہم کرنے میں مدد کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے نئے ووٹرز کے لیے فارم نمبر 6 دستیاب ہے، اور نئے ووٹرز سے بھی انتخابی حکام مطلوبہ معلومات طلب کریں گے۔ شیوکمار نے بتایا کہ اس عمل کو آسان بنانے کے لیے پولنگ بوتھوں پر ہیلپ ڈیسک اور بوتھ سطح کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ جو ووٹر مقررہ مدت کے اندر اینومریشن فارم جمع نہیں کرائیں گے، وہ اپنا حقِ رائے دہی کھو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق حکومت نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ ہر گھر کے مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ کی تصدیق کی جائے، جسے آن لائن بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ واضح رہے کہ خصوصی جامع نظرثانی (SIR) کی یہ مہم 30 جون سے 29 جولائی تک جاری رہے گی۔

دوسری جانب کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی (کے پی سی سی) کے صدر بی کے ہری پرساد نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی نے ریاست بھر میں آگاہی مہم شروع کر دی ہے تاکہ تمام اہل ووٹرز، خصوصاً دیہی اور معاشی طور پر کمزور طبقے، اس عمل کو بروقت مکمل کر سکیں۔