نئی دہلی/ آواز دی وائس
ٹی ایم سی کے رکنِ پارلیمان شتروگھن سنہا نے کولکاتہ میں بابری مسجد کے نام پر بھیڑ جمع کرنے کی کوشش کو سیاسی چال قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مندر–مسجد کی بحث کی جگہ حقیقی معنوں میں آپسی بھائی چارہ اور ہم آہنگی ہونی چاہیے، خصوصاً آج کے دن۔
سنہا نے الزام لگایا کہ بابری مسجد کے نام پر بھیڑ اکٹھا کرنے اور تنازعہ کھڑا کرنے کی یہ کوشش کچھ لوگوں کی سیاسی حکمتِ عملی ہے، جسے انتخاب سے پہلے ماحول کو کشیدہ کرنے کے لیے ایک سیاسی جماعت کی سرپرستی حاصل ہے، اور یہ کسی پارٹی کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ ممتا بنرجی کی اسکیمیں بنگال میں بے حد مقبول ہیں اور عوام انہیں پسند کرتی ہے، اس لیے ممتا بنرجی اور بنگال کی عوام بی جے پی کو سخت جواب دے گی۔ اس سے پہلے مغربی بنگال کے مرشد آباد ضلع کے بیلڈانگا میں آج بابری مسجد کی بنیاد رکھی گئی ہے۔ یہ تقریب معطل شدہ ٹی ایم سی ایم ایل اے ہمایوں کبیر نے منعقد کی۔ اس دوران ہزاروں لوگ موجود تھے اور ہمایوں کے کارکنوں نے بھرپور نعرے بازی کی۔
یہ پروگرام 1992 میں ایودھیا میں بابری مسجد کے انہدام کی 33ویں برسی کے دن رکھا گیا، جس کے باعث پورے علاقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی کا ماحول ہے۔ انتظامیہ نے صورتِ حال کو دیکھتے ہوئے بھاری سیکورٹی فورس تعینات کی ہے۔ تاہم ٹی ایم سی نے کبیر کو پارٹی سے معطل کر دیا ہے اور اس پروگرام سے اپنا تعلق واضح طور پر ختم کر لیا ہے۔
۔80 کروڑ روپے کی مدد ملی
سنگِ بنیاد کی تقریب میں موجود عوام سے خطاب کرتے ہوئے ہمایوں کبیر نے کہا کہ مالدہ، مرشد آباد اور جنوبی 24 پرگنہ کے لوگ بابری مسجد کی تعمیر میں تعاون کریں گے۔ میرے پاس مسجد بنانے کے لیے 25 بیگھا زمین ہے، مگر مقامی انتظامیہ ہمیں روک رہی ہے۔ ہمیں سرکاری پیسے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں اس شخص کا نام نہیں بتاؤں گا جس نے ہمیں مسجد کی تعمیر کے لیے 80 کروڑ روپے دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ میں حکومت سے ایک روپیہ بھی نہیں لوں گا، ورنہ مسجد کی پاکیزگی قائم نہیں رہے گی۔