نئی دہلی/ آواز دی وائس
بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کو بالآخر وہ اعزاز مل گیا جس کے وہ دہائیوں سے حقدار تھے۔ اپنی سپر ہٹ فلم جوان کے لیے انہیں بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ ملا۔ فلم میں ڈبل رول ادا کر کے شاہ رخ خان نے یہ ثابت کر دیا کہ وہ صرف رومانوی کرداروں کے ہی نہیں بلکہ ہر کردار کے بادشاہ ہیں۔ نیشنل ایوارڈ ملنے کی خوشی میں جہاں ان کے مداحوں نے جشن منایا، وہیں کئی نامور شخصیات نے بھی انہیں مبارکباد دی۔ انہی میں سے ایک تھے کانگریس لیڈر ششی تھرور۔ انہوں نے شاہ رخ کی تعریف کرتے ہوئے ایکس پر لکھا کہ ایک قومی خزانے کو قومی ایوارڈ ملا، مبارک ہو شاہ رخ خان۔
شاہ رخ خان کا ششی تھرور کو جواب
اس ٹویٹ پر شاہ رخ خان نے بھی اپنے خاص اور مزاحیہ انداز میں جواب دیا۔ انہوں نے لکھا کہ اتنی سادہ تعریف کے لیے شکریہ مسٹر تھرور۔۔۔ اس سے زیادہ شاندار اور بڑی بات سمجھ میں نہیں آتی ہے۔ شاہ رخ کا یہ جواب چند گھنٹوں میں ہی وائرل ہو گیا، اور اسے سات لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر لوگ ان کے حسِ مزاح کی خوب تعریف کر رہے ہیں۔ کسی نے لکھا کہ لگتا ہے اب شاہ رخ، تھرور کو انگلش میں ٹکر دینے لگے ہیں۔
۔33 سالہ فلمی کیریئر کے بعد پہلا نیشنل ایوارڈ
قابلِ ذکر ہے کہ شاہ رخ خان گزشتہ 3 سے 4 دہائیوں سے بالی ووڈ انڈسٹری میں سرگرم ہیں، مگر آج تک انہیں نیشنل ایوارڈ نہیں ملا تھا۔ جوان وہ فلم بنی جس کے لیے انہیں پہلی بار بہترین اداکار کا نیشنل ایوارڈ ملا۔ یہ فلم ایکشن سے بھرپور ہے، جس میں کئی جذباتی مناظر بھی شامل ہیں۔ اس میں شاہ رخ خان ڈبل رول میں نظر آئے، اور یہ فلم سال 2023 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی، جس نے دنیا بھر میں 1160 کروڑ روپے کا بزنس کیا۔
اس فلم میں شاہ رخ خان کے مقابل ساؤتھ کی معروف اداکارہ نینتارا نظر آئیں، جبکہ اشلیش ٹھاکر، سانیہ ملہوترا، پریامنی، ردھی ڈوگرا اور کیمیو میں دیپیکا پڈوکون بھی شامل تھیں۔