فلسطین پر ہندوستانی حکومت کی خاموشی شرمناک ہے: پرینکا گاندھی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-08-2025
فلسطین پر ہندوستانی حکومت کی خاموشی شرمناک ہے: پرینکا گاندھی
فلسطین پر ہندوستانی حکومت کی خاموشی شرمناک ہے: پرینکا گاندھی

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
کانگریس کی جنرل سکریٹری پریانکا گاندھی نے منگل کے روز اسرائیل کی جانب سے کیے گئے حملوں پر کہا کہ اسرائیل نسل کشی کر رہا ہے۔ پریانکا واڈرا نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ اسرائیل نے 60,000 سے زیادہ لوگوں کو قتل کر دیا ہے، جن میں 18,430 بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی حملوں میں سیکڑوں لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ لاکھوں افراد بھوک سے مرنے کے خطرے میں ہیں، جن میں کئی بچے بھی شامل ہیں۔ اسرائیلی سفیر نے پریانکا گاندھی کی ایکس پوسٹ کی تنقید کی ہے۔
اسرائیل کی طرف سے فلسطین میں جاری نسل کشی پر ہندوستان کی حکومت کی خاموشی پر پریانکا گاندھی نے سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطینی عوام پر یہ تباہی ڈھا رہا ہے اور یہ بہت ہی شرمناک بات ہے کہ ہندوستان کی حکومت خاموش بیٹھی ہے۔ خاموشی اور بے عملی سے اس طرح کے جرائم کو بڑھاوا ملتا ہے، اور اس طرح کے جرائم کو بڑھاوا دینا خود اپنے آپ میں ایک جرم ہے۔
پانچ صحافیوں کا بہیمانہ قتل سنگین جرم
پریانکا گاندھی غزہ میں اسرائیلی حملوں کے خلاف مسلسل آواز اٹھا رہی ہیں۔ کانگریس رہنما نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ الجزیرہ کے پانچ صحافیوں کا بہیمانہ قتل، فلسطین کی سرزمین پر کیا گیا ایک اور سنگین جرم ہے۔ سچ کی راہ پر چلنے والوں کا حوصلہ، اسرائیلی ریاست کی تشدد اور نفرت کے سامنے کبھی نہیں ٹوٹے گا۔ ایک ایسی دنیا میں جہاں زیادہ تر میڈیا اقتدار اور تجارت کے آگے جھک چکا ہے، ان بے خوف آوازوں نے ہمیں دکھایا کہ اصل صحافت کیسی ہوتی ہے۔ خدا ان کی روح کو سکون دے۔
اسرائیلی سفیر نے کیا کہا؟
ادھر، غزہ میں نسل کشی کے معاملے پر ہندوستان میں اسرائیلی سفیر رووین عزار نے پرینکا کی ایکس پوسٹ کی تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ "شرمناک بات تمہارا غلط فہمی پھیلانا ہے۔ اسرائیل نے 25,000 حماس دہشت گردوں کو مارا ہے۔ انسانی جانوں کا نقصان حماس کی اس حکمت عملی کا نتیجہ ہے، جس میں وہ شہریوں کو ڈھال بناتے ہیں، ان لوگوں پر فائرنگ کرتے ہیں جو نکلنے یا مدد لینے کی کوشش کرتے ہیں، اور راکٹ سے حملے کرتے ہیں۔ اسرائیل نے غزہ میں 20 لاکھ ٹن سے زیادہ کھانا پہنچایا ہے، لیکن حماس اسے ضبط کر کے بھوک کو بڑھا رہا ہے۔ پچھلے 50 برسوں میں غزہ کی آبادی 450 فیصد بڑھی ہے، یہاں کوئی نسل کشی نہیں ہوئی۔ حماس کے اعداد و شمار پر یقین نہ کریں۔
ہندوستان نے اسرائیل-فلسطین تنازع پر کیا کہا؟
ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان ہمیشہ اچھے تعلقات رہے ہیں۔ اسرائیل-فلسطین کے درمیان طویل عرصے سے جاری تنازع کے بیچ، ہندوستان نے کہا تھا کہ وہ "ٹو اسٹیٹ سولیوشن" کے حق میں ہے۔ اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے، سفیر پاروتھانی ہریش نے کہا تھا کہ ہماری کوشش یہی ہونی چاہیے کہ سفارت کاری کے ذریعے ٹو اسٹیٹ سولیوشن لایا جائے اور غزہ میں کھانے پینے کی چیزیں اور ضروری سامان بغیر کسی رکاوٹ کے پہنچ سکے۔