ممبئی: ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) نے اداکار شاہ رخ خان کو ان کے بنگلے منت میں تعمیراتی کام کی اجازت دے دی ہے۔ دستاویزات سے تصدیق ہوئی ہے کہ بی ایم سی نے 14 مئی کو اجازت نامہ جاری کیا تھا۔
اس اجازت کے تحت شاہ رخ خان کو منت میں ساتویں اور آٹھویں منزل تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس تعمیر کے لیے پہلی "کمینسمنٹ سرٹیفکیٹ 20 جنوری کو جاری کی گئی تھی، جس کی مدت 2 فروری 2026 تک ہے۔ اس منصوبے کے لیے شاہ رخ خان کی جانب سے 5 لاکھ روپے کی بینک گارنٹی بھی جمع کروائی گئی ہے۔
منظور شدہ حتمی نقشے کی تاریخ بھی 20 جنوری ہی ہے۔ شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان نے بی ایم سی اور مہاراشٹر کوسٹل زون مینجمنٹ اتھارٹی سے جو درخواستیں کی تھیں، ان میں ساتویں اور آٹھویں منزل کے توسیعی کام، اندرونی ڈیزائن میں تبدیلی اور منزلوں کی اونچائی کے حوالے سے اجازت شامل تھی۔
شاہ رخ خان کے بنگلےمنت کے بارے میں 3 جنوری 2025 کو سی آر زیڈ (کوسٹل ریگولیشن زون) کی طرف سے گوری خان کے نام پر نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ بھی جاری کیا گیا تھا۔ ساتویں منزل کی اونچائی 4.20 میٹر کرنے کی درخواست کی گئی تھی، مگر بی ایم سی نے صرف 3.65 میٹر کی ہی اجازت دی ہے۔
جبکہ آٹھویں منزل کے لیے 3.65 میٹر اونچائی کی درخواست دی گئی تھی، مگر بی ایم سی نے 4.20 میٹر تک اونچائی کی منظوری دے دی ہے۔ یعنی اب شاہ رخ خان اپنے بنگلے منت میں نئی منزلیں تعمیر کر سکیں گے — وہ بھی بی ایم سی کی باضابطہ منظوری کے ساتھ۔