بھڑکیلا لباس، ہراسانی کا معاملہ نہیں ہے: کیرالہ ہائی کورٹ

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 17-08-2022
بھڑکیلا لباس، ہراسانی کا معاملہ نہیں ہے: کیرالہ ہائی کورٹ
بھڑکیلا لباس، ہراسانی کا معاملہ نہیں ہے: کیرالہ ہائی کورٹ

 

 

 کوزی کوڈ:کیرالہ کی کوزی کوڈ عدالت نے مصنف اور سماجی کارکن سوک چندرن کو جنسی ہراسانی کے معاملے میں پیشگی ضمانت دیتے ہوئے ایسے ریمارکس دیے ہیں جن پر بحث شروع ہو سکتی ہے۔

ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ نے کیس کی سماعت کے دوران، سوک چندرن کو پیشگی ضمانت دیتے ہوئے مشاہدہ کیا کہ اگر خاتون جنسی طور پر اشتعال انگیز لباس پہنتی ہے، تو پہلی نظر میں یہ جنسی ہراسانی کا معاملہ نہیں ہوگا۔

چندرن نے درخواست ضمانت کے ساتھ شکایت کنندہ کی تصاویر پیش کی تھی۔ انہیں  12 اگست کو پیشگی ضمانت دی گئی تھی۔ اس سے قبل 2 اگست کو چندرن کو جنسی ہراسانی کے ایک اور کیس میں پیشگی ضمانت مل گئی تھی۔

عدالت نے خاتون کی تصاویر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ شکایت کنندہ نے خود ایسے کپڑے پہن رکھے ہیں جو کسی حد تک جنسی طور پر اشتعال انگیز ہیں۔ اس لیے پہلی نظر میں دفعہ 354A ملزم کے خلاف موثر نہیں ہوگی۔

عدالت نے کہا کہ دفعہ 354 سے یہ بات بالکل واضح ہے کہ ملزم کی طرف سے خاتون کی عزت کو مجروح کرنے کا ارادہ ہونا چاہیے۔

کیرالہ کی عدالت نے مشاہدہ کیاکہ یہ ماننے کے بعد کہ جسمانی رابطہ ہوا تھا، یہ یقین کرنا ناممکن ہے کہ کوئی 74 سالہ شخص شکایت کنندہ کو زبردستی اپنی گود میں لے سکتا ہے۔

چندرن نے الزام لگایا تھا کہ خاتون نے ان کے خلاف جھوٹی شکایت کی ہے۔ اس سال اپریل میں پیش آئے مبینہ واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے چندرن نے کہا کہ شکایت کنندہ اپنے عاشق کے ساتھ کئی لوگوں کی موجودگی میں آئی تھی اور کسی نے بھی اس کے خلاف ایسی کوئی شکایت نہیں کی۔ اس کیس کے علاوہ چندرن کو جنسی ہراسانی کے ایک اور کیس میں بھی پیشگی ضمانت ملی تھی۔