ہریانہ میں جنسی تناسب بہتر ہوا: پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 05-12-2025
ہریانہ میں جنسی تناسب بہتر ہوا: پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا
ہریانہ میں جنسی تناسب بہتر ہوا: پارلیمنٹ میں حکومت نے بتایا

 



نئی دہلی: حکومت نے جمعہ کو کہا کہ ہریانہ میں گزشتہ چند برسوں کے دوران لڑکے اور لڑکیوں کے جنس تناسب (Sex Ratio) میں بہتری کے حوالے سے اچھی پیش رفت ہوئی ہے اور ایس آر ایس (سیمپل رجسٹریشن سسٹم) 2022-23 کے اعداد و شمار کے مطابق اس میں 52 پوائنٹس کا اضافہ درج کیا گیا ہے۔

لوک سبھا میں کانگریس کے رکن دیپندر ہُڈّا کے ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے مرکزی وزیرِ صحت جے پی نڈّا نے کہا کہ ایسے معاملات میں ایک دن میں تبدیلی نہیں آتی، اس میں وقت لگتا ہے۔ ہُڈّا نے ریاستی حکومت کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 2011 سے اگلے دس برسوں تک ہریانہ میں ہر ہزار لڑکوں کے مقابلے پیدا ہونے والی لڑکیوں کی تعداد میں اطمینان بخش اضافہ ہوا، لیکن گزشتہ چار پانچ برس میں اس میں کمی آئی ہے۔

انہوں نے اپنے آبائی ضلع روہتک میں یہ اعداد و شمار رواں سال 814 تک گرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت طلب کی۔ وزیر صحت نڈّا نے کہا کہ ایس آر ایس کے مطابق ہریانہ میں 2022-23 کے دوران جنس تناسب میں 52 پوائنٹس کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا، "مجھے افسوس ہے کہ رکن موصوف (ہُڈّا) معاملے کو جذباتی رنگ دینے کی کوشش کر رہے ہیں اور بار بار ہریانہ حکومت کی ہی بات کر رہے ہیں۔

ہُڈّا کے اس دعوے پر کہ ریاست میں 300 اسقاطِ حمل مراکز بند ہوئے ہیں، نڈّا نے کہا کہ وہ اس دعوے کو ایوان میں ثابت کریں۔ وزیر نے بتایا کہ ریاست میں حکام نے 44,263 مراکز کا معائنہ کیا، 1011 کے رجسٹریشن منسوخ کیے گئے اور ایک ہزار سے زائد مشینیں ضبط کی گئیں۔ وزیر صحت نے کہا، "ہریانہ نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ تبدیلی ایک دن میں نہیں آتی۔ معاشرے کی سوچ بدلنے میں وقت لگتا ہے۔

حکومت اور سماج مل کر کام کر رہے ہیں اور تبدیلی آ رہی ہے۔" وزیرِ مملکت برائے صحت انوپورنا پٹیل نے بھی ہُڈّا کے دعوے کی تردید کرتے ہوئے کہا، "ہمارے پاس ہریانہ حکومت سے جو اعداد و شمار آئے ہیں، ان کے مطابق 2014-16 سے 2021-23 کے درمیان جہاں پورے ملک میں جنس تناسب میں 19 پوائنٹس کا اضافہ ہوا، وہیں ہریانہ میں کل 52 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہریانہ کے 22 میں سے 17 اضلاع میں مثبت تبدیلی آئی ہے، ایک ضلع میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی جبکہ چار اضلاع میں کمی درج کی گئی ہے۔ پٹیل نے کہا کہ ہریانہ حکومت نے پی سی پی این ڈی ٹی قانون (حمل سے پہلے اور بعد میں جنس کی شناخت روکنے والا قانون) کو پوری سختی کے ساتھ نافذ کرنے کی کوشش کی ہے اور اس مقصد کے لیے خصوصی فورس بھی بنائی گئی ہے، جس کے نتیجے میں جنس تناسب میں مسلسل بہتری آ رہی ہے۔