نئی دہلی: محکمہ موسمیات نے دہلی اور شمال مغربی ہند کے کئی علاقوں میں اگلے ہفتے شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔ دہلی میں ہفتہ سے گرمی میں اضافہ ہوا ہے، اور آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 3 سے 4 ڈگری مزید بڑھ سکتا ہے۔ اتوار کو درجہ حرارت 42 ڈگری اور منگل تک 44 ڈگری سیلسیس تک پہنچنے کا امکان ہے۔ یہ اس موسم کا اب تک کا سب سے گرم ہفتہ ثابت ہو سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق، اگر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس سے زیادہ ہو اور معمول سے 4.5 ڈگری یا اس سے زیادہ ہو تو اسے ہیٹ ویو سمجھا جاتا ہے۔ اگر درجہ حرارت 45 ڈگری سے زیادہ ہو تو اسے شدید ہیٹ ویو کہا جاتا ہے۔
دہلی میں فی الحال کوئی ہیٹ ویو الرٹ جاری نہیں کیا گیا ہے، تاہم پنجاب، ہریانہ، یوپی، مدھیہ پردیش اور راجستھان کے کچھ حصوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال بن سکتی ہے۔ اس وقت وسطی ہند میں مانسون کی بارشوں کی سرگرمیاں رک گئی ہیں اور یہ کم از کم ایک ہفتے تک دوبارہ شروع نہیں ہوں گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق، مون سون 12 سے 18 جون کے درمیان دوبارہ فعال ہو سکتا ہے۔
اس دوران جنوبی ہند اور شمال مشرقی ریاستوں میں 10 جون سے شدید بارشوں کی توقع ہے۔ملک کے کچھ حصوں میں مانسون دستک دے چکا ہے جب کہ نارتھ ایسٹ علاقے میں سیلابی صورتحال ہے۔ خاص طور پر آسام کے بارہ اضلاع میں سیلاب کے سبب لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں۔
شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال کے پیش نظر، ضروری ہے کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دھوپ میں باہر نکلنے سے گریز کریں، خاص طور پر دوپہر کے وقت۔ کافی مقدار میں پانی پئیں تاکہ جسم میں پانی کی کمی نہ ہو۔ ہلکے رنگ کے اور ہلکے کپڑے پہنیں۔ بچوں اور بزرگوں کا خصوصی خیال رکھیں۔ اگر باہر جانا ضروری ہو تو ٹوپی یا چھتری کا استعمال کریں۔
ماہرین کے مطابق، یہ گرم موسم اور ہیٹ ویو کی صورتحال موسمیاتی تبدیلیوں اور ایل نینو جیسے قدرتی عوامل کی وجہ سے مزید شدت اختیار کر سکتی ہے۔ اس لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور موسمی پیش گوئیوں پر نظر رکھنا انتہائی ضروری ہے۔