نئی دہلی
محکمہ موسمیات ہندوستان نے پیر کے روز کہا ہے کہ آئندہ چار سے پانچ دن کے دوران ملک کے شمال مغربی، وسطی اور مشرقی حصوں کے کچھ علاقوں میں شدید گرمی (لو) چلنے کا قوی امکان ہے۔ محکمہ کے مطابق ہریانہ، چنڈی گڑھ، دہلی، پنجاب، مشرقی راجستھان، ودربھ، چھتیس گڑھ، مغربی اتر پردیش، مغربی راجستھان، مدھیہ پردیش، مغربی بنگال کے گنگا کے میدانی علاقے، جھارکھنڈ، اوڈیشہ اور مشرقی اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں آج سے 25 اپریل کے درمیان الگ الگ دنوں میں لو چل سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ آج سے 26 اپریل کے دوران مغربی بنگال کے گنگا کے میدانی علاقوں میں، آج سے 22 اپریل تک تمل ناڈو، پڈوچیری اور کرائیکل میں، 20 سے 24 اپریل کے دوران کیرالہ، ماہے، ساحلی آندھرا پردیش اور یانم میں، جبکہ 24 اور 25 اپریل کو گجرات کے ساحلی علاقوں میں گرم اور مرطوب موسم رہنے کا قوی امکان ہے۔
محکمہ کے مطابق اس کے علاوہ 21 اپریل کو ہریانہ، چنڈی گڑھ، مغربی اتر پردیش، مدھیہ پردیش اور ودربھ میں، 20 اپریل کو چھتیس گڑھ میں، اور 20 سے 22 اپریل کے درمیان اوڈیشہ کے کچھ علاقوں میں رات کے درجہ حرارت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ محکمہ نے یہ بھی بتایا کہ پیر کے روز ملک کے جنوبی، وسطی، مشرقی اور شمال مغربی حصوں کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش کا امکان ہے۔ مزید یہ کہ مدھیہ مہاراشٹر، مراٹھواڑہ، مدھیہ پردیش، ودربھ اور چھتیس گڑھ میں ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
چنڈی گڑھ میں شدید گرمی
چنڈی گڑھ، ہریانہ اور پنجاب میں شدید گرمی نے لوگوں کو پریشان کر دیا ہے۔ دن کے وقت لو چل رہی ہے جبکہ رات کے وقت بھی موسم گرم رہتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے چنڈی گڑھ مرکز نے ہریانہ، پنجاب اور چنڈی گڑھ کے لیے شدید گرمی اور لو کی سنگین وارننگ جاری کی ہے۔
محکمہ کے مطابق 24 اپریل تک پورے علاقے میں شدید لو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے۔ موجودہ اعداد و شمار کے مطابق ہریانہ میں درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سیلسیس زیادہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جس سے عام زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔ راجدھانی چنڈی گڑھ میں پیر کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے 4 ڈگری زیادہ ہے۔ چنڈی گڑھ میں بھی 21 سے 24 اپریل کے درمیان لو چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔