اجمیر / آواز دہ وایس
دنیا کے سات عجوبوں میں شامل تاج محل اتر پردیش کے آگرہ ضلع میں واقع ہے، لیکن اس کی نقل نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے کئی ممالک میں بھی بنائی گئی ہے۔ محبت کی علامت کے طور پر لوگ تاج محل کی نقل کو ایک دوسرے کو تحفے میں بھی دیتے ہیں۔ لیکن یہ جان کر حیرانی ہوگی کہ دو سال پہلے کروڑوں روپے کی لاگت سے راجستھان کے اجمیر میں بنائے گئے تاج محل سمیت ساتوں عجوبوں کو آج گرا دیا جا رہا ہے۔ اجمیر میں اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت 11.12 کروڑ روپے کی لاگت سے "سیون ونڈر" تیار کیا گیا تھا جو خواجہ کی نگری میں گھومنے آنے والے سیاحوں کی وزٹ لسٹ میں شامل رہتا تھا، لیکن اب یہ صرف یادوں میں رہ جائے گا۔
آنا ساگر جھیل کے پاس بنایا گیا تھا سیون ونڈر
اجمیر میں آنا ساگر جھیل کے پاس اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت سیون ونڈر تیار کیا گیا تھا۔ 2023 میں اس کا تعمیراتی کام مکمل ہوا تھا۔ اس پارک میں لوگ دنیا کے تمام سات عجوبوں کو ایک ہی کیمپس میں دیکھ سکتے تھے۔ یہاں تاج محل کے ساتھ ایفل ٹاور، اسٹیچو آف لبرٹی سمیت تمام سات عجوبے بنائے گئے تھے۔ لیکن آج ان سب کو گرا دیا جا رہا ہے۔
سرکاری لاپرواہی اور ناقص منصوبہ بندی
اجمیر کے سات عجوبوں کو گرا دینے کا یہ معاملہ سرکاری افسران کی لاپرواہی اور ناقص منصوبہ بندی کی ایک مثال ہے اور ساتھ ہی یہ عوام کے ٹیکس کے پیسوں کی بربادی بھی ہے۔ جب اس سیون ونڈر کی تعمیر شروع ہوئی تھی تب ہی اس کے مقام کو لے کر اعتراض کیا گیا تھا لیکن اس وقت اجمیر کے ذمہ دار افسران نے اس اعتراض کو نظر انداز کر دیا تھا۔
بعد میں سیون ونڈر کی تعمیر کے خلاف این جی ٹی اور سپریم کورٹ میں شکایت دی گئی۔ این جی ٹی نے 11 اگست 2023 کو اس تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا تھا، اور 17 مارچ 2025 کو سپریم کورٹ کے حکم آنے کے بعد اب اس کو گرانے کی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
۔12 مارچ سے بند تھا سیون ونڈر پارک
سپریم کورٹ کے حکم پر ریاست کے چیف سیکریٹری نے عدالت میں حلف نامہ دے کر احکامات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی تھی۔ اسی کے تحت 12 مارچ کو سیون ونڈر کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا اور اسٹیچو آف لبرٹی کو ہائیڈرا مشینوں سے ہٹانے کی کارروائی شروع کر دی گئی تھی۔ اب سپریم کورٹ سے کوئی ریلیف نہ ملنے پر انتظامیہ نے اسے مکمل طور پر مسمار کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔
آنا ساگر جھیل کے ڈوب علاقے میں غیر قانونی تعمیر
اسمارٹ سٹی پروجیکٹ کے تحت اجمیر ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے 11.12 کروڑ روپے خرچ کر کے سیون ونڈر تیار کیا تھا اور اس کا آپریشن 87 لاکھ روپے سالانہ ٹھیکے پر دیا گیا تھا۔ لیکن سپریم کورٹ نے ماسٹر پلان اور ویٹ لینڈ قوانین کی خلاف ورزی کو سنگین مانتے ہوئے اسے توڑنے کے احکامات جاری کیے۔ بتایا گیا کہ یہ تعمیر آنا ساگر جھیل کے ڈوب علاقے میں کی گئی تھی۔
یہ شکایت اشوک ملک، سنجے بھاٹی اور سوشیل کمار پوار نامی تین افراد نے کی تھی جس کے بعد این جی ٹی اور سپریم کورٹ نے اس تعمیر کو غیر قانونی قرار دیا اور اب مسماری کی کارروائی جاری ہے۔
اجمیر کے سیون ونڈر میں شامل عجوبے
اسٹیچو آف لبرٹی – امریکہ
ایفل ٹاور – فرانس
لیننگ ٹاور آف پیسا – اٹلی
تاج محل – ہندوستان
پیرامڈ آف گیزا – مصر
کرائسٹ دی ریڈیمر – برازیل
کولوسیم – روم
میڈیا پر پابندی اور سخت سیکورٹی
مسماری کی کارروائی کے دوران انتظامیہ نے سخت سیکورٹی انتظامات کیے ہیں۔ سیون ونڈر کے مرکزی دروازے پر مقامی پولیس اور اے ڈی اے کے اہلکار تعینات کر دیے گئے ہیں تاکہ میڈیا اور عام لوگوں کا داخلہ روکا جا سکے۔ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موقع پر جنریٹر کا انتظام بھی کیا گیا ہے۔ راجستھان میں این جی ٹی کے حکم پر زمین پر اتاری گئی یہ پہلی بڑی کارروائی ہے جس کے بعد دیگر اضلاع میں بھی اسی طرح کی سختی کا امکان ہے۔