ایندھن اور گیس کی فراہمی کے لیے سات گروپس قائم کیے:پی ایم مودی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 24-03-2026
ایندھن اور گیس کی فراہمی کے لیے سات گروپس قائم کیے:پی ایم مودی
ایندھن اور گیس کی فراہمی کے لیے سات گروپس قائم کیے:پی ایم مودی

 



نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے منگل کو اعلان کیا کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے پیش نظر ایندھن اور گیس کی فراہمی کے لیے حکومت نے سات بااختیار گروپس قائم کیے ہیں، جو ایک "تیز اور جامع حکمت عملی" کے تحت کام کریں گے۔

پارلیمنٹ کے ایوانِ بالا (راجیہ سبھا) سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے چیلنجز کا جائزہ لینے کے لیے ایک بین الوزارتی گروپ بھی تشکیل دیا ہے، جو باقاعدگی سے اجلاس کر کے درآمد و برآمد سے متعلق مسائل اور ان کے حل پر کام کر رہا ہے۔

عالمی سطح پر پیدا ہونے والے بحران کو تسلیم کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ مغربی ایشیا کی کشیدگی نے عالمی معیشت کو ہلا کر رکھ دیا ہے، تاہم بھارت کی معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں اور حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ ملک پر اس کے اثرات کم سے کم ہوں۔ انہوں نے کہا، "موجودہ بحران نے پوری عالمی معیشت کو متاثر کیا ہے اور اس سے بحالی میں وقت لگے گا۔

بھارت پر اس کے کم سے کم اثرات کے لیے مسلسل کوششیں جاری ہیں۔ ہماری معیشت کی بنیادیں مضبوط ہیں اور حکومت بدلتی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے۔ ہم قلیل مدتی، درمیانی اور طویل مدتی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔" وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ حال ہی میں تشکیل دیے گئے سات بااختیار گروپس سپلائی چین، پیٹرول، ڈیزل، گیس، کھاد، مہنگائی اور دیگر ضروری امور پر جامع حکمت عملی کے تحت کام کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے اس صورتحال کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے گا۔ واضح رہے کہ مغربی ایشیا میں جاری تنازع اب چوتھے ہفتے میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث آبنائے ہرمز کے ذریعے ہونے والی عالمی تجارت متاثر ہو رہی ہے۔ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی ہلاکت کے بعد کشیدگی میں اضافہ ہوا، جس کے جواب میں ایران نے خطے میں امریکی اور اسرائیلی مفادات کو نشانہ بنایا۔

اس صورتحال کے باعث عالمی توانائی منڈیوں اور اقتصادی استحکام پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ ادھر وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ خلیجی اور مغربی ایشیا کے ممالک میں فضائی حدود کی بندش اور پروازوں پر پابندیوں کے باوجود بھارتی شہریوں کی واپسی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی دوران بھارتی ایل پی جی بردار جہاز جگ وسانت اور پائن گیس نے آبنائے ہرمز کامیابی سے عبور کر لی ہے، جو توانائی کی ترسیل کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔