سات کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ:جاوید حبیب پیسے واپس کریں گے

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-10-2025
سات کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ:جاوید حبیب پیسے واپس کریں گے
سات کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا معاملہ:جاوید حبیب پیسے واپس کریں گے

 



نئی دہلی: مشہور ہیئر ڈریسر جاوید حبیب کی کمپنی فولیکل گلوبل میں سرمایہ کاری کرنے والے لوگوں کو ان کے پیسے واپس ملیں گے ۔ یہ یقین دہانی جاوید حبیب کے وکیل پون کمار نے کچھ متاثرین کو کرائی ہے۔ تاہم، انہوں نے صرف چند لوگوں کے نام لیے ہیں، جس پر سوال اٹھ رہا ہے کہ جب متاثرین کی تعداد 200 سے زیادہ ہے اور یہ معاملہ پانچ سے سات کروڑ روپے کی دھوکہ دہی سے متعلق ہے، تو پھر صرف چند افراد کے نام ہی کیوں لیے گئے؟

لوگوں نے بھی پولیس سے یہی سوال کرنا شروع کر دیا ہے۔ جن افراد نے رایستھی تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے، وہ اب پولیس سے معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں ہیں۔ دراصل، سنبل اور اس کے آس پاس کے دیہاتوں کے 200 سے زیادہ لوگوں نے فولیکل گلوبل کمپنی میں کوائن کے ذریعے سرمایہ کاری کی تھی۔

اس سرمایہ کاری سے پہلے ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں جاوید حبیب اور ان کے بیٹے انوس حبیب بھی موجود تھے۔ اس سیمینار میں بتایا گیا تھا کہ کمپنی ویلنیس انڈسٹری کو ڈیجیٹائز کر رہی ہے اور زمین، صحت اور بیوٹی کے کاروبار میں سرمایہ کاری کرے گی۔ کہا گیا تھا کہ اس سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والا منافع سرمایہ کاروں تک پہنچایا جائے گا۔

اس جھانسے میں آکر لوگوں نے پیسہ لگایا۔ لیکن دو سال گزرنے کے باوجود نہ تو سرمایہ واپس ملا اور نہ ہی منافع، جس کے بعد لوگوں کو دھوکہ دہی کا احساس ہوا۔ اس کے بعد رایستھی تھانے میں 32 مقدمات درج کیے گئے۔ ابتدائی کارروائی میں جاوید حبیب کے وکیل نے کہا تھا کہ کمپنی کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مگر جیسے جیسے کارروائی آگے بڑھی، متاثرین کو پیسے واپس کرنے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔

متاثرین کا کہنا ہے کہ وکیل نے صرف چند لوگوں سے رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ رایستھی تھانہ انچارج کا کہنا ہے کہ انہیں اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں ہے۔ اگر کسی سے رابطہ کیا گیا ہوگا تو وہ براہِ راست کیا گیا ہوگا۔ ہم درج شدہ مقدمات کی جانچ کر رہے ہیں، اور تحقیقات کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔