عام آدمی پارٹی کے سات اراکینِ پارلیمنٹ کا بی جے پی میں انضمام منظور

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2026
عام آدمی پارٹی کے سات اراکینِ پارلیمنٹ کا بی جے پی میں انضمام منظور
عام آدمی پارٹی کے سات اراکینِ پارلیمنٹ کا بی جے پی میں انضمام منظور

 



نئی دہلی: راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے پیر کے روز عام آدمی پارٹی (آپ) کے سات اراکینِ پارلیمنٹ کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں انضمام کو باضابطہ طور پر منظور کر لیا، جس کے بعد ایوانِ بالا میں اروند کیجریوال کی جماعت کے اراکین کی تعداد 10 سے کم ہو کر صرف تین رہ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجیہ سبھا میں بی جے پی کے اراکین کی تعداد بڑھ کر 113 ہو گئی ہے۔

راگھو چڈھا، اشوک مِتّل، ہربھجن سنگھ، سندیپ پاٹھک، وکرمجیت ساہنی، سواتی مالیوال اور راجندر گپتا وہ سات اراکین ہیں جو بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں۔ راجیہ سبھا کی ویب سائٹ پر اب یہ ساتوں اراکین بی جے پی کے ممبران کی فہرست میں شامل دکھائے جا رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق، جمعہ کے روز ان ساتوں اراکین نے چیئرمین راجیہ سبھا کو خط لکھ کر انضمام کے بعد خود کو بی جے پی کا رکن تسلیم کرنے کی درخواست کی تھی، جسے منظور کر لیا گیا ہے۔ عام آدمی پارٹی نے اتوار کو چیئرمین کو ایک خط لکھ کر ان ساتوں منحرف اراکین کی رکنیت ختم کرنے کی درخواست کی تھی۔

عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین کو خط دے کر ایوانِ بالا میں ان ساتوں اراکین کو نااہل قرار دینے کی درخواست کی ہے، جنہوں نے حال ہی میں پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں انضمام کا اعلان کیا تھا۔ گزشتہ جمعہ کو عام آدمی پارٹی کو بڑا دھچکا لگا تھا جب ان ساتوں راجیہ سبھا اراکین نے پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ کیجریوال کی قیادت والی پارٹی اپنے اصولوں اور بنیادی اقدار سے ہٹ چکی ہے۔