لکھنؤ / آواز دی وائس
اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتے کے روز کہا کہ آتم نربھر ہندوستان اب صرف ایک خیال نہیں رہا بلکہ ایک حقیقت بنتا جا رہا ہے۔ وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے ساتھ وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ’’برہموس ایروسپیس‘‘ کے احاطے میں ’’پی ٹی سی انڈسٹریز‘‘ کے ایک پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی اور وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی قیادت میں ہندوستان اب دفاعی پیداوار کے شعبے میں اعتماد کے ساتھ دنیا کے سامنے کھڑا ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ وزیرِ اعظم کی قیادت میں گزشتہ 11 برسوں میں ہندوستان نے ہر میدان میں خود انحصاری کی سمت شاندار ترقی کی ہے۔ آج ہندوستان دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن کر عالمی سطح پر اپنی موجودگی درج کرا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں جو خواب وزیرِ اعظم نے 11 سال پہلے دیکھا تھا، وہ آج وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کی رہنمائی میں حقیقت بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ کبھی اپنی دفاعی ضروریات کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار کرنے والا ہندوستان اب نہ صرف اپنی ضروریات پوری کر رہا ہے بلکہ دوست ممالک کی دفاعی سپلائی میں بھی تعاون کر رہا ہے۔ یہ نہ صرف خود انحصاری کی علامت ہے بلکہ روزگار پیدا کرنے کا ایک بڑا ذریعہ بھی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ پی ٹی سی انڈسٹریز نے جس لگن اور تکنیکی مہارت کے ساتھ لکھنؤ نَوڈ پر ’اسٹریٹیجک میٹیریل ٹیکنالوجی کمپلیکس‘ قائم کیا ہے، وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ہندوستان اب دفاعی پیداوار کے میدان میں نجی شعبے کے تعاون سے خود کفیل بننے کی سمت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہاں اسٹریٹیجک مواد کی تیاری سے لے کر اہم آلات کی مکمل سپلائی چین کی صلاحیت تیار کی جا چکی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ لکھنؤ میں ’’برہموس‘‘ کے ساتھ ساتھ پی ٹی سی انڈسٹریز نے 50 ایکڑ زمین پر 1000 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کر کے اپنے عزم کو عملی جامہ پہنایا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا کہ پی ٹی سی انڈسٹریز جیسی کمپنیاں نہ صرف دفاعی خود انحصاری کی مثال ہیں بلکہ نوجوانوں کے لیے نئے مواقع کے دروازے بھی کھول رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت ایسے ہر اقدام میں قدم سے قدم ملا کر ساتھ کھڑی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ جب ہندوستان کا نوجوان اپنی مادرِ وطن کے دفاع کے آلات خود تیار کرے گا، تبھی ’میک اِن انڈیا‘ کا حقیقی مفہوم مکمل طور پر شرمندۂ تعبیر ہوگا۔