نئی دہلی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتہ کے روز کہا کہ سمندری راستوں کی حفاظت ہی دنیا کے امن اور خوشحالی کی "کنجی" ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سندور کے دوران ہندوستانی بحریہ (نیوی) نے بھی نہایت اہم کردار ادا کیا اور پاکستان کے ذہن میں مسلسل خوف برقرار رکھتے ہوئے اس کی بحریہ کو اپنے ہی بندرگاہوں میں "دبک کر" بیٹھنے پر مجبور کر دیا۔
لکھنؤ میں نوسینا شوریہ واٹیکا کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں راج ناتھ سنگھ نے روس-یوکرین جنگ اور مغربی ایشیا میں جاری تنازعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: "اس وقت ہر طرف بے چینی اور ہلچل پائی جاتی ہے، جو ہمیں یہ پیغام دے رہی ہے کہ دنیا کے امن اور خوشحالی کی کنجی بحری راستوں کے تحفظ میں پوشیدہ ہے۔ سمندر میں آپ کی موجودگی دراصل طاقت کی علامت ہوتی ہے۔"
انہوں نے گزشتہ سال جموں و کشمیر کے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا: "گزشتہ سال پہلگام میں ایک بزدلانہ دہشت گرد حملہ ہوا تھا۔ دہشت گردوں نے مذہب پوچھ کر ہمارے بے گناہ لوگوں کو قتل کر دیا تھا۔ اس کے بعد پورے ملک میں شدید غم و غصہ پیدا ہوا اور پھر ہماری مسلح افواج نے مل کر آپریشن سندور انجام دیا اور پاکستان میں موجود دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔"
وزیر دفاع نے کہا: "آپریشن سندور میں بری فوج اور فضائیہ نے اپنی ذمہ داریاں نبھائیں، لیکن ہماری بحریہ نے بھی جو کردار ادا کیا وہ انتہائی اہم تھا۔ اس وقت ہماری بحریہ پوری قوت کے ساتھ بحیرۂ عرب میں تعینات تھی۔ ہمارے بحریہ کے سربراہ ایڈمرل دنیش کے تریپاٹھی بار بار کہتے تھے کہ ہمیں کب موقع ملے گا کہ ہم بھی پاکستان کو سبق سکھا سکیں۔
میری بھی خواہش تھی کہ کاش انہیں یہ موقع مل جاتا، تو پورا ہندوستان دیکھ لیتا کہ بحریہ کی طاقت کیا ہوتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی بحریہ نے دشمن کے دل میں مسلسل خوف برقرار رکھا، جس کے نتیجے میں پاکستان کی پوری بحریہ خوفزدہ ہو کر اپنے بندرگاہوں میں "دبک کر" بیٹھی رہی۔