سرینگر: کشمیر کے بلند علاقوں میں جمعہ کو موسم کی پہلی برف باری ہوئی اور آئندہ دنوں میں مزید برف باری کا امکان ہے۔ یہ اطلاع محکمۂ موسمیات نے دی۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ میں واقع مشہور اسکی ریزورٹ گلمرگ کے افروت اور جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے سنتھن ٹاپ پر برف باری ریکارڈ کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ سرینگر اور اس کے نواحی علاقوں سمیت میدانی حصوں میں بعض مقامات پر ہلکی بارش ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے کہا کہ مغربی ہوا کا ایک سلسلہ اتوار سے جموں و کشمیر اور ملحقہ علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے۔ محکمہ نے اپنی ایڈوائزری میں کہا: ’’اس سسٹم کے اثر سے 5 اکتوبر سے 7 اکتوبر 2025 تک جموں و کشمیر میں وسیع پیمانے پر ہلکی سے درمیانی بارش یا بلند علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔
یہ سلسلہ 5 اکتوبر کی رات سے 7 اکتوبر کی صبح تک جاری رہے گا۔‘‘ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ اس موسمی نظام کے سبب اننت ناگ-پہلگام، کولگام، سنتھن درہ، شوپیان، پیر کی گلی، سونمرگ-زوجیلا، بانڈی پورہ-راجدان درہ، گلمرگ اور کپواڑہ-سادھنا درہ کی بلند چوٹیوں پر درمیانی سے بھاری برف باری ہونے کا امکان ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق، کشمیر کے وسطی علاقوں میں ہلکی برف باری اور میدانی حصوں میں درمیانی سے بھاری بارش کا بھی امکان ہے۔