یکم ستمبر سے اسکول کالج مرحلے وار کھولے جائیں گے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 28-08-2021
حکومت کا فیصلہ
حکومت کا فیصلہ

 

 

نئی دہلی :ورونا کے مسلسل کیسوں میں کمی کو دیکھتے ہوئے دہلی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دہلی میں یکم ستمبر سے نویں سے بارہویں جماعت تک کے اسکول، کوچنگ انسٹی ٹیوٹ اور کالج کھولے جائیں گے۔

دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا نے اس معلومات کوشیئر کرتے ہوئے کہا کہ دہلی اور ملک بھر میں کورونا کے معاملات میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ اس کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جس طرح تجارتی سرگرمیاں مرحلہ وار شروع کی گئی تھیں اسی طرح تعلیمی سرگرمیاں بھی مرحلہ وار شروع کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ والدین کی رضامندی کے بغیربچوں کو اسکول آنے پر مجبور نہیں کیاجائے گا۔

اسکولوں میں سماجی دوری پر سختی سے عمل کیا جائے گا اور اس کے لیے ہدایات جاری کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے کے تجربات کی بنیاد پر دیگر کلاسوں کے حوالے سے فیصلہ کیا جائے گا۔

جمعہ کو دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام ایک میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ دہلی میں مرحلہ وارطریقے سے اسکول کھولے جائیں گے۔

ایک ٹویٹ میں وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا، "کورونا کے کم ہوتے ہوئے معاملات کے درمیان پوری احتیاط کے ساتھ اب دہلی میں آہستہ آہستہ اسکول کھولے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کی تعلیم کے نقصان کو کم کیا جا سکے۔

ہمیں زندگی کو دوبارہ پٹری پر لانا ہے اور بچوں کی صحت اور تعلیم دونوں کا خیال رکھنا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اسکولوں کے بندرہنے کی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال میں بچوں کی تعلیم کاکافی نقصان ہواہے۔

انہوں نے کہا کہ آن لائن تعلیم کبھی بھی آف لائن تعلیم کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ جو تعلیم اسکولوں میں ہو سکتی ہے وہ گھر پر نہیں کی جا سکتی۔

لہذا آج ڈی ڈی ایم اے کی میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم ستمبر سے دہلی میں سماجی دوری اور کورونا سے متعلق تمام پروٹوکول کے بعد تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں نویں سے بارہویں تک کے تمام سرکاری اور نجی اسکولوں کے ساتھ ساتھ اس عمر کے تمام کوچنگ انسٹی ٹیوٹ کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔

اس کے ساتھ تمام کالج اور یونیورسٹیاں بھی کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کو اسکولوں میں بلانے سے پہلے ان کے والدین کی منظوری لی جائے گی۔ والدین کی اجازت کے بغیر بچوں کو اسکول جانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ نیز تمام تعلیمی سرگرمیاں بلینڈڈ طریقے سے آف لائن کے ساتھ ساتھ آن لائن بھی جاری رہیں گی۔ جلد ہی اسکول کھولنے کے لیے حکومت کی طرف سے ایک گائیڈ لائن جاری کردی جائے گی۔

نائب وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے سرکاری اسکولوں میں پڑھانے والے 98 فیصد اساتذہ اور باقی اسٹاف کو کم از کم ویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ اسکولوں کے بیشتر اساتذہ اور عملے کو بھی ویکسین لگی گئی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی حکومت کی جانب سے اسکولوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے والدین سے ای میل کے ذریعے تجاویز مانگی گئی تھیں، جس میں 70 فیصد سے زائد والدین کا خیال تھا کہ اسکولوں کو دوبارہ کھولنا چاہیے۔ دوسرے والدین نے بھی مرحلہ وار اسکول کھولنے کے لیے تجاویز بھیجی تھیں۔