نئی دہلی: الیکشن کمیشن آف انڈیا اب بیرون ملک مقیم ہندوستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ راجیو کمار نے معلومات دیتے ہوئے کہا کہ ہندوستانی جمہوری نظام میں سمندر پارکے ہندوستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے، جس کے بعد اب الیکشن کمیشن اسے پورا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی پانچویں سب سے بڑی معیشت ہے اور ہندوستان کو اپنے 1.34 کروڑ سے زیادہ بیرون ملک مقیم ووٹرز کے لیے الیکٹرانک بیلٹ سسٹم کے ذریعے انتخابات میں حصہ لینے کے لیے ٹیکنالوجی کا طریقہ استعمال کرنا چاہیے۔ اس کے ساتھ انہوں نے کہا کہ اس پلان کو عملی جامہ پہنانے میں آئی ایف ایس اور دنیا بھر کے سفارت خانوں کا کردار بھی اہم ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے سربراہ راجیو کمار نے مزید کہا کہ انتخابی ادارے نے گزشتہ کئی سالوں میں دنیا بھر میں جمہوریت کو آگے بڑھانے اور مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مطالبہ کافی عرصے سے کیا جا رہا ہے کہ این آر آئیز کو بھی ہندوستانی جمہوری نظام میں شامل کیا جائے اور انہیں ووٹ کا حق دیا جائے، جس کے بعد اس اسکیم کو مکمل کرنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
راجیو کمار اکثر اپنے بیانات سے بحث میں رہتے ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے کہا تھا کہ گزشتہ 70 سالوں میں ہندوستان نے اپنے سماجی، ثقافتی، سیاسی، جغرافیائی، معاشی اور لسانی مسائل کو پرامن طریقے سے یا بات چیت کے ذریعے حل کیا ہے اور یہ جمہوریت کی وجہ سے ہوسکتا ہے۔ یہ صرف اس لیے ممکن ہوا ہے کہ لوگ انتخابی نتائج پر اعتماد کریں۔ پھر بھی الیکشن کمیشن ہر الیکشن کے بعد اگنی پرکشا دیتا ہے۔