ضمانت قبل از گرفتاری۔ سپریم کورٹ نے کیا کہا ۔ جانیں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-09-2025
 ضمانت قبل از گرفتاری۔ سپریم کورٹ نے کیا کہا  ۔ جانیں
ضمانت قبل از گرفتاری۔ سپریم کورٹ نے کیا کہا ۔ جانیں

 



نئی دہلی، 8 ستمبر (پی ٹی آئی): سپریم کورٹ نے پیر کے روز کہا کہ وہ اس بات کا جائزہ لے گی کہ ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کرنا فریق کا "اختیار" ہے یا یہ لازمی ہے کہ پہلے سیشن کورٹ سے رجوع کیا جائے۔جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا پر مشتمل بنچ نے اس بات کا نوٹس لیا کہ کیرالا ہائی کورٹ میں "معمول کی پریکٹس" یہ ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں براہ راست سنی جاتی ہیں، بغیر اس کے کہ فریق پہلے سیشن کورٹ میں جائے۔

بنچ نے سوال اٹھایاکہ ایک مسئلہ جو ہمیں پریشان کر رہا ہے وہ یہ ہے کہ کیرالا ہائی کورٹ میں بظاہر ایک معمول ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں براہ راست سنی جاتی ہیں، بغیر اس کے کہ درخواست گزار سیشن کورٹ میں جائے۔ ایسا کیوں ہے؟عدالت نے کہا کہ سابق ضابطۂ فوجداری  اور بھارتیا ناگرک سرکشا سنہیتا، 2023 دونوں میں ایک عدالتی درجہ بندی فراہم کی گئی ہے۔

بی این ایس ایس کی دفعہ 482 اس بات سے متعلق ہے کہ گرفتاری کے خدشے میں شخص کو ضمانت دینے کی ہدایت کیسے دی جائے۔ایسا کسی اور ریاست میں نہیں ہوتا۔ صرف کیرالا ہائی کورٹ میں ہم نے دیکھا ہے کہ ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواستیں باقاعدگی سے براہ راست سنی جاتی ہیں۔یہ مشاہدہ اس وقت سامنے آیا جب سپریم کورٹ ایک عرضی پر سماعت کر رہی تھی جس میں دو افراد نے کیرالا ہائی کورٹ کے حکم کو چیلنج کیا تھا جس نے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

بنچ نے کہا کہ اس معاملے میں درخواست گزاروں نے براہ راست ہائی کورٹ کا رخ کیا تھا، بغیر اس کے کہ پہلے سیشن کورٹ جاتے۔ عدالت نے کہا کہ اس طرح کی درخواستیں ہائی کورٹ میں براہ راست سنی جانے سے یہ خطرہ رہتا ہے کہ وہ درست حقائق ریکارڈ پر نہ آ سکیں جو بصورت دیگر سیشن کورٹ میں آ سکتے تھے۔

سپریم کورٹ نے مزید کہا کہ ہم اس پہلو پر غور کرنے کے خواہاں ہیں اور یہ فیصلہ کریں گے کہ آیا ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کا اختیار فریق کے انتخاب پر ہے یا یہ لازمی ہے کہ ملزم سب سے پہلے سیشن کورٹ جائے۔"عدالت نے اس پہلو پر کیرالا ہائی کورٹ کو رجسٹرار جنرل کے ذریعے نوٹس جاری کیا۔بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ سدھارتھ لوتھرا کو امیکس کیوری (عدالت کی معاونت کے لیے وکیل) مقرر کیا اور سماعت کی اگلی تاریخ 14 اکتوبر مقرر کی۔