نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے سے متعلق دائر درخواست پر مرکز کو جواب داخل کرنے کے لیے چار ہفتے کا وقت دے دیا ہے۔ کیس کی سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے پیش ہونے والے سینئر وکیل گوپال شنکر نارائن نے معاملے کو آئینی بنچ کے سپرد کرنے کی درخواست کی، جس کی سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے مخالفت کی اور کہا کہ ہم اس معاملے میں اپنا جواب داخل کرنا چاہتے ہیں، لہٰذا ہمیں وقت دیا جائے۔ اس سے قبل 14 اگست کو ہونے والی سماعت میں عدالت نے اس معاملے پر مرکز سے آٹھ ہفتوں کے اندر تحریری جواب طلب کیا تھا۔
چیف جسٹس آف انڈیا بی آر گوئی اور جسٹس کے ونود چندرن کی بنچ نے مرکز کو جواب داخل کرنے کے لیے چار ہفتے کا وقت دے دیا۔ چیف جسٹس گَوئی نے کہا کہ تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد ہی فیصلہ لیا جانا چاہیے۔
پہلگام حملے کا ذکر
چیف جسٹس بی آر گوئی اور جسٹس کے ونود چندرن کی بنچ نے اپریل میں ہونے والے پہلگام دہشت گرد حملے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کی زمینی حقیقت اور پہلگام جیسی دہشت گردانہ وارداتوں کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
کشمیر کے لوگ خوش ہیں : تشار مہتہ
سالیسٹر جنرل تشار مہتہ نے عدالت کو بتایا کہ جموں و کشمیر نے پچھلے پانچ برسوں میں نمایاں ترقی کی ہے۔ وہاں کے تمام لوگ خوش ہیں اور 99.99 فیصد لوگ ہندوستان کی حکومت کو اپنی حکومت مانتے ہیں، اس لیے ان کے بیانات پر مکمل شک نہیں کیا جانا چاہیے۔ تشار مہتہ نے مزید کہا کہ اس معاملے پر فیصلہ جموں و کشمیر حکومت سے بات چیت کے بعد کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ جموں و کشمیر کو خصوصی درجہ دینے والے آئین کے آرٹیکل 370 کو اگست 2019 میں پارلیمنٹ نے منسوخ کر دیا تھا، اور ریاست کو دو مرکز کے زیر انتظام علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں تقسیم کر دیا گیا تھا۔ 2023 میں سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ نے اس فیصلے کو درست قرار دیا تھا۔