حجاب معاملہ پر سپریم کورٹ کاجلد سماعت سے انکار

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 16-03-2022
حجاب معاملہ پر سپریم کورٹ کاجلد سماعت سے انکار
حجاب معاملہ پر سپریم کورٹ کاجلد سماعت سے انکار

 

 

آواز دی وائس، نئی دہلی

 سپریم کورٹ نے 16 مارچ2022 کو حجاب  معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف دائر اپیل کی جلد سماعت سے انکار کر دیا ہے۔اب اس معاملہ کی سماعت ہولی کی تعطیلات کے بعد کی جائے گی۔

ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ حجاب اسلام کا لازمی حصہ نہیں ہے۔ وہیں عدالت نےاسکول اور کالجوں میں حجاب پہننے پر پابندی کے ریاستی حکومت کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔

 سینئر ایڈوکیٹ سنجے ہیگڑے نے عرضی گزار کی طرف سے پیش ہوکر چیف جسٹس این وی رمنا کی سربراہی والی تین رکنی بنچ کے سامنے حجاب معاملے پرجلد سماعت کا مطالبہ کیا۔

ایڈوکیٹ ہیگڑے نے کہا کہ ضرورت یہ ہے کہ بہت سی لڑکیاں ہیں جنہیں کالج جانا پڑتا ہے۔ تاہم چیف جسٹس رمنا نے پیر کو اس معاملے کی فہرست دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ دوسروں نے بھی اس معاملے کا ذکر کیا ہے۔ ہم ہولی کی تعطیلات کے بعد معاملہ درج کرنے پر غور کریں گے۔

اس کے علاہ چیف جسٹس رمنا نے سماعت کے لیے کوئی حتمی تاریخ بھی طے نہیں کی۔

 خیال رہے کہ  مسلم طالبہ نبا ناز نے ایڈوکیٹ آن ریکارڈ (اے او آر) انس تنویر کے ذریعے یہ ایس ایل پی دائر کروائی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہائی کورٹ یہ مشاہدہ کرنے میں ناکام رہی ہے کہ حجاب پہننے کا حق 'اظہار' کے دائرے میں آتا ہے اور اس طرح اسے آئین کے آرٹیکل 19(1)(a) کے تحت تحفظ حاصل ہے۔

 درخواست میں یہ دلیل بھی دی گئی ہے کہ ہائی کورٹ اس حقیقت کو مدنظر رکھنے میں ناکام رہی کہ حجاب پہننے کا حق آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت پرائیویسی کے حق کے دائرے میں آتا ہے۔

یونیفارم کے تعلق سے عرضی میں کہا گیا ہے کہ کرناٹک ایجوکیشن ایکٹ 1983 اور اس کے تحت بنائے گئے قواعد طلباء کے لیے کوئی لازمی یونیفارم فراہم نہیں کرتے ہیں۔

درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایکٹ یا قواعد میں 'کالج ڈیولپمنٹ کمیٹی' کی تشکیل کی اجازت دینے کا کوئی بندوبست نہیں ہے۔ ایسی کمیٹی کو کسی تعلیمی ادارے میں یونیفارم یا کسی اور معاملے کو ریگولیٹ کرنے کا اختیار نہیں ہے۔

سپریم کورٹ میں کیویٹ دائر

وہیں ہندو سینا کے قومی نائب صدر سرجیت سنگھ یادو، ایڈوکیٹ ورون کمار سنہا نے اس معاملے میں سپریم کورٹ میں کیویٹ داخل کیا ہے۔ یعنی اس معاملے میں اپنا فیصلہ دینے سے پہلے سپریم کورٹ کو ہندو سینا کے نائب صدر کا رخ سننا ہوگا۔