سپریم کورٹ نے پورے وقف قانون پر حکم امتناع دینے سے انکار کیا، چند دفعات پر روک

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 15-09-2025
سپریم کورٹ نے پورے وقف قانون پر حکم امتناع دینے سے انکار کیا، چند دفعات پر روک
سپریم کورٹ نے پورے وقف قانون پر حکم امتناع دینے سے انکار کیا، چند دفعات پر روک

 



نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کے روز وقف قانون پر حکم امتناع دینے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس قانون کے حق میں آئینی حیثیت کا "قیاس" موجود ہے۔ تاہم عدالتِ عظمیٰ نے دو دفعات پر عمل درآمد روک دیا، چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس آگسٹین جارج مسیح پر مشتمل بنچ نے عبوری حکم سناتے ہوئے کہا کہ  ہم نے ہر دفعہ کو بادی النظر میں پرکھا اور کوئی ایسا معاملہ نہیں پایا کہ جس کی بنیاد پر پورے قانون پر حکم امتناع دیا جائے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نے یہ قرار دیا ہے کہ ہمیشہ کسی قانون کی آئینی حیثیت کے حق میں قیاس کیا جاتا ہے اور صرف نادر مواقع پر ہی اس پر سوال اٹھایا جا سکتا ہے۔ پورے ایکٹ کو چیلنج کیا گیا ہے لیکن بنیادی اعتراض دفعات 3(r)، 3C، 14وغیرہ پر تھا۔

1- عدالت نے اس دفعہ پر روک لگا دی جس کے مطابق صرف وہی شخص وقف قائم کر سکتا تھا جو پانچ برسوں سے اسلام پر عمل کر رہا ہو۔

2- اسی طرح اس دفعہ کو بھی معطل کر دیا گیا جس کے تحت حکومت کے نامزد افسر کو یہ اختیار دیا گیا تھا کہ وہ فیصلہ کرے کہ آیا کوئی وقف جائیداد سرکاری زمین پر قبضہ کرکے بنائی گئی ہے یا نہیں۔

ٌبہرحال عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ جہاں تک ممکن ہو وقف بورڈ کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مسلمان ہونا چاہیے، تاہم اس ترمیم پر حکم امتناع دینے سے انکار کر دیا جس کے تحت غیر مسلم کو بھی سی ای او بنایا جا سکتا ہے۔

ٌعدالت نے مزید کہا کہ ریاستی وقف بورڈز اور مرکزی وقف کونسل میں غیر مسلم ارکان کی تعداد تین سے زیادہ نہیں ہو سکتی۔

سپریم کورٹ میں وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 پر سماعت کا پس منظر

مئی 2025 میں سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی متعدد درخواستوں پر عبوری ریلیف کے حوالے سے اپنا فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ ان درخواستوں میں کہا گیا تھا کہ نئے ترمیمی قانون کے تحت "وقف بائے یوزر" (Waqf by User) کا تصور ختم کر دیا گیا ہے اور پورے ملک میں وقف جائیدادوں کی رجسٹریشن اور درجہ بندی کے عمل میں بڑی تبدیلیاں متعارف کرائی گئی ہیں۔

چیف جسٹس بی آر گوائی اور جسٹس اے جی مسیح پر مشتمل بنچ نے ان درخواستوں پر سماعت کی تھی۔ دورانِ سماعت درخواست گزاروں کی جانب سے سینئر وکلا کپل سبل، راجیو دھون اور ابھیشیک منو سنگھوی نے دلائل دیے، جبکہ مرکزی حکومت کی نمائندگی سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے کی۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 ستمبر کو اپنے عبوری حکم میں پورے ایکٹ پر حکم امتناع دینے سے انکار کر دیا تھا، تاہم چند دفعات جیسے "پانچ برس سے اسلام پر عمل کرنے والے ہی وقف بنا سکیں گے" اور "سرکاری افسر کو قبضے سے متعلق فیصلے کا اختیار دینا" کو معطل کر دیا تھا، جبکہ باقی ایکٹ کو آئینی قیاس کے تحت درست قرار دیا۔

 مرکز کا موقف

سالیسیٹر جنرل تشار مہتا نے عدالت کو بتایا کہ تین روزہ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کی جانب سے پیش کیے گئے دلائل میں ایسا کوئی واضح اور فوری ثبوت سامنے نہیں آیا جو اس قانون کو آئین سے متصادم قرار دے۔ ان کا کہنا تھا کہ محض قانونی مفروضوں یا قیاس آرائی پر مبنی دلائل کی بنیاد پر پارلیمنٹ کے منظور شدہ کسی قانون کے نفاذ کو روک دینا درست نہیں ہوگا۔ اس کے ساتھ ہی مرکزی حکومت نے عدالت کے سامنے اپنی بحث مکمل کر لی۔

آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کا موقف:

جواب الجواب میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے دعویٰ کیا کہ وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 میں کی گئی حالیہ تبدیلیاں بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہیں اور یہ ترامیم ایک ناقص پارلیمانی عمل کے ذریعے منظور کی گئی ہیں۔ بورڈ نے استدلال دیا کہ حکومت کی یہ دلیل کہ یہ ترامیم "اہم مذہبی اعمال" (Essential Religious Practices - ERP) کو متاثر نہیں کرتیں، قانونی طور پر ناقابلِ قبول ہے۔

مزید کہا گیا کہ درخواست گزاروں کو ERPٹیسٹ سے گزارنے پر مجبور کرنا نہ صرف آئینی اعتبار سے غلط ہے بلکہ یہ بھارتی آئینی عدالتی نظائر کی ارتقائی پیش رفت کو بھی نظر انداز کرتا ہے

مرکز کا ابتدائی حلف نامہ 

اپریل 2025 میں مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں ایک تفصیلی ابتدائی حلف نامہ داخل کیا تھا جس میں وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے آئینی جواز کا دفاع کرتے ہوئے درخواست گزاروں کی جانب سے مانگی گئی عبوری راحت کی سخت مخالفت کی گئی۔

سپریم کورٹ کا حکم

یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ 17 اپریل کو سپریم کورٹ نے مرکز کو ہدایت دی تھی کہ آئندہ سماعت تک اس ایکٹ کی متنازع دفعات پر عمل نہ کرے، اور ریاستی حکومتوں اور وقف بورڈز کو اپنے جوابات داخل کرنے کی اجازت دی تھی۔ بنچ نے ریکارڈ کیا کہ اٹارنی جنرل (SG) تشار مہتہ، جو یونین آف انڈیا کی جانب سے پیش ہوئے تھے، نے عدالت کو یقین دلایا کہ مرکز سات دن کے اندر اپنا ابتدائی جواب داخل کرے گا۔

بل کی مخالفت

کیرالہ اسٹیٹ وقف بورڈ نے بھی وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 کی سخت مخالفت کی ہے اور اس نئے قانون کو "غیر آئینی"، "امتیازی"، اور "سیکولرزم کو نقصان پہنچانے والا" قرار دیا ہے۔ بورڈ نے خبردار کیا کہ یہ ترامیم مذہبی اداروں کی خود مختاری، آئین کے وفاقی ڈھانچے، اور آئین کے آرٹیکل 14، 15، 25، 26 اور 30 کے تحت دیے گئے بنیادی حقوق کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔

عام آدمی پارٹی (AAP) کے ایم ایل اے اور دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے ہفتہ، 5 اپریل کو سپریم کورٹ آف انڈیا سے رجوع کیا اور وقف (ترمیمی) بل 2025 کی آئینی حیثیت کو چیلنج کیا۔ خان نے یہ عرضی وکیل عدیل احمد کے ذریعے دائر کی۔ اس پٹیشن میں ہدایت طلب کی گئی ہے کہ وقف (ترمیمی) بل 2024 کو آئین کے آرٹیکل 14، 15، 21، 25، 26 اور 300-Aکی خلاف ورزی کرنے کی بنیاد پر غیر آئینی قرار دیا جائے۔

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (AIMIM) کے رکن پارلیمان اسد الدین اویسی نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے اس بل کو چیلنج کیا۔ اپنی پٹیشن میں اویسی نے اس بل کو "غیر آئینی" قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بل مسلمانوں اور مسلم کمیونٹی کے بنیادی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

کانگریس کے رکن پارلیمان محمد جاوید، جو اس بل کا جائزہ لینے والی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے رکن بھی تھے، نے بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا اور اسے چیلنج کیا۔ ان کا مؤقف تھا کہ یہ بل آئین کے آرٹیکل 14، 25، 26، 29 اور 300Aکی خلاف ورزی کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی تشویش ظاہر کی کہ وقف بورڈز اور وقف کونسل میں غیر مسلم اراکین کو شامل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

پارلیمنٹ میں بل

قابل ذکر ہے کہ یہ بل یونین منسٹر برائے اقلیتی امور کرن رجیجو نے 28 اگست 2024 کو لوک سبھا میں پیش کیا تھا، جس کا مقصد وقف ایکٹ 1995 میں ترمیم کرنا اور وقف جائیدادوں کے نظم و نسق سے متعلق مسائل کو حل کرنا تھا۔ اس میں مزید تجویز دی گئی کہ وقف صرف ایسے افراد قائم کر سکیں گے جو کم از کم پانچ سال سے اسلام پر عمل پیرا ہوں، جبکہ پچھلے قوانین میں غیر مسلموں کو بھی شامل کیا گیا تھا۔

وقف کے 1913، 1923، 1954 اور 1995 کے قوانین میں وقف کو ہمیشہ صرف ان افراد کی طرف سے جائیداد کی مستقل نذر کے طور پر بیان کیا گیا تھا جو اسلام پر عمل پیرا ہوں۔ تاہم، 1995 کے ایکٹ میں 2013 کی ترمیم نے اس تعریف کو وسیع کر دیا اور غیر مسلموں سمیت کسی بھی مذہب کے افراد کو جائیداد کو وقف کے طور پر نذر کرنے کی اجازت دی۔