سونم وانگچک کی رہائی کی عرضی پر کورٹ کا مرکز کو نوٹس

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 06-10-2025
سونم وانگچک کی رہائی کی عرضی پر کورٹ کا مرکز کو نوٹس
سونم وانگچک کی رہائی کی عرضی پر کورٹ کا مرکز کو نوٹس

 



نئی دہلی/  آواز دی وائس
سونم وانگچک کی حراست کو چیلنج کرنے والی ان کی اہلیہ کی عرضدی پر سپریم کورٹ نے مرکز اور لداخ کے مرکز کے زیرِ انتظام علاقے کو نوٹس جاری کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے سونم وانگچک کو حراست میں لینے کی وجوہات کے بارے میں ان کی اہلیہ کو معلومات فراہم کرنے کا حکم دینے سے انکار کیا۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ وانگچک کے پاکستان-چین تعلقات کے جھوٹے پروپیگنڈے کے ذریعے اس گاندھیائی تحریک کو بدنام کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ سونم وانگچک اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ایک "جھوٹا اور خطرناک بیانیہ" پھیلایا جا رہا ہے تاکہ ان کی تحریک کو پاکستان اور چین سے جوڑ کر بدنام کیا جا سکے۔ایسی بدنیتی پر مبنی افواہیں جمہوری اختلافِ رائے کو داغدار کرنے کی کوشش ہیں۔ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ حقیقت میں وانگچک ہمیشہ قومی اتحاد کو مضبوط کرنے کے لیے کام کرتے رہے ہیں اور ہندوستانی فوج کی مدد کے لیے اونچائی والے علاقوں میں پناہ گاہوں جیسی نئی ٹیکنالوجیز تیار کی ہیں۔ عرضداشت میں گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گرفتاری کے حکم کی کاپی فراہم نہیں کی گئی۔ اب تک نہ تو سونم وانگچک اور نہ ہی ان کی اہلیہ کو گرفتاری کا حکم یا اس کی بنیاد بتائی گئی ہے، جو آئین کے آرٹیکل 22(5) کی خلاف ورزی ہے۔
سونم وانگچک کی اہلیہ گیتانجلی انگمو کی 8 مانگیں
ہیبیئس کارپس جاری کر کے سونم وانگچک کو فوری طور پر سپریم کورٹ کے سامنے پیش کیا جائے۔
اہلیہ کو شوہر سے فون پر اور ذاتی طور پر ملاقات کی اجازت دی جائے۔
سونم وانگچک کو ان کی ادویات، کپڑے، کھانا اور ضروری سامان فوراً فراہم کیا جائے۔
گرفتاری کے حکم اور اس سے متعلق تمام دستاویزات سپریم کورٹ میں پیش کیے جائیں۔
گرفتاری کو غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے۔
سونم وانگچک کی فوری رہائی کا حکم دیا جائے۔
ان کا فوری میڈیکل معائنہ کر کے رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے۔
ہمالین انسٹی ٹیوٹ آف آلٹرنیٹوز لداخ  اور اس سے وابستہ طلبہ و اراکین کے ساتھ ہراسانی کو روکا جائے۔
دوسری جانب، لداخ انتظامیہ نے الزام لگایا ہے کہ حالیہ دنوں میں وانگچک نے اپنی تقاریر اور ویڈیوز میں اشتعال انگیز بیانات دیے ہیں، جن میں نیپال، سری لنکا اور بنگلہ دیش کا ذکر شامل ہے اور مبینہ طور پر نوجوانوں کو پُرامن طریقوں کے خلاف بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے "عرب بہار" جیسی تحریک اور خودسوزی کا ذکر بھی کیا تھا۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان بیانات کے ذریعے نوجوانوں کو مشتعل کرنے کی کوشش کی گئی۔