نئی دہلی ۔ سپریم کورٹ نے جمعرات کو مرکز کی اس درخواست پر سخت برہمی کا اظہار کیا جس میں ٹربیونل ریفارمز قانون 2021 کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی سماعت ملتوی کرنے کی گزارش کی گئی تھی۔ ان عرضیوں میں مدراس بار ایسوسی ایشن کی درخواست بھی شامل ہے۔3 نومبر کو چیف جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی والی بنچ نے مرکز کی اس درخواست پر سخت نوٹ لیا تھا جس میں ان عرضیوں کو پانچ رکنی بینچ کے حوالے کرنے کی ہدایت مانگی گئی تھی۔ بنچ نے کہا تھا کہ حکومت سے اس طرح کی حرکت کی توقع سماعت کے آخری مرحلے میں نہیں کی جا سکتی۔
2021 کا قانون کچھ اپیلٹ ٹربیونلز کو ختم کرتا ہے جن میں فلم سرٹیفکیشن اپیلٹ ٹربیونل بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ مختلف ٹربیونلز کے ججوں اور دیگر ممبران کی تقرری اور مدت کار سے متعلق دفعات میں ترمیم کی گئی ہے۔
چیف جسٹس کی قیادت والی بنچ نے مرکز کی اس درخواست کو مسترد کرنے کی دھمکی دی تھی جو اٹارنی جنرل آر وینکٹا رمنینی کے ذریعے دائر کی گئی تھی تاکہ معاملے کو بڑی بنچ کے حوالے کیا جا سکے۔ بنچ نے کہا تھا کہ حکومت کی طرف سے ایسے حربے مناسب نہیں ہیں۔بعد میں اٹارنی جنرل نے پیر کو کیس کے دلائل پر بات کی تھی اور اس کے بعد بنچ نے جمعہ کو سماعت طے کی تھی۔
جمعرات کو ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایشوریا بھاٹی نے معاملے کا ذکر کیا اور اٹارنی جنرل کی بین الاقوامی ثالثی کی مصروفیت کا حوالہ دیتے ہوئے ملتوی کرنے کی درخواست کی۔چیف جسٹس نے کہا یہ عدالت کے ساتھ بہت ناانصافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالت نے پہلے بھی کئی بار اٹارنی جنرل کی مصروفیات کے سبب سماعت ملتوی کی ہے اور اب یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔
چیف جسٹس نے طنزیہ انداز میں کہا اگر آپ چاہتے ہیں کہ یہ معاملہ 24 نومبر کے بعد رکھا جائے تو صاف صاف کہہ دیں۔ وہ 23 نومبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں۔جب ایشوریا بھاٹی نے معاملہ پیر کو رکھنے کی تجویز دی تو چیف جسٹس نے برہمی سے کہا پھر ہم فیصلہ کب لکھیں گے۔ ہر دن یہی کہا جاتا ہے کہ وہ ثالثی میں مصروف ہیں اور آخری لمحے پر معاملہ بڑی بنچ کے حوالے کرنے کی بات آ جاتی ہے۔
چیف جسٹس نے یہ بھی سوال کیا کہ حکومت کے پاس اتنے اہل قانون افسر ہیں تو کوئی دوسرا وکیل اس کیس میں پیش کیوں نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے جمعہ کا دن خاص طور پر فیصلہ مکمل کرنے کے لیے خالی رکھا ہے۔
آخرکار عدالت نے فیصلہ کیا کہ جمعہ کو مدراس بار ایسوسی ایشن کے وکیل اروند دتار کے دلائل سنے جائیں گے اور پیر کو اٹارنی جنرل کو سنا جائے گا۔ چیف جسٹس نے کہا اگر وہ نہ آئے تو ہم سماعت بند کر دیں گے۔اس سے قبل بنچ جس میں جسٹس کے ویوند چندرن بھی شامل تھے، مدراس بار ایسوسی ایشن سمیت درخواست گزاروں کے آخری دلائل سن چکی ہے۔ عدالت اس بات سے ناراض تھی کہ حکومت اب اس معاملے کو پانچ رکنی آئینی بنچ کے پاس بھیجنا چاہتی ہے۔عدالت نے کہا تھا کہ پچھلی سماعت میں آپ نے یہ اعتراض نہیں کیا تھا اور صرف ذاتی وجوہات سے ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ مکمل دلائل سننے کے بعد اب یہ نیا اعتراض نہیں اٹھایا جا سکتا۔ ہم حکومت سے ایسی چالوں کی امید نہیں کرتے۔
چیف جسٹس نے کہا ایسا لگتا ہے کہ مرکز موجودہ بنچ سے بچنا چاہتا ہے۔
سپریم کورٹ نے 16 اکتوبر کو اس قانون کی آئینی حیثیت کو چیلنج کرنے والی عرضیوں کی حتمی سماعت شروع کی تھی۔اروند دتار نے کہا کہ جولائی 2021 میں سپریم کورٹ نے ٹربیونل ریفارمز آرڈیننس 2021 کی کئی دفعات کو کالعدم قرار دیا تھا کیونکہ وہ عدلیہ کی آزادی اور اختیارات کی علیحدگی کے اصولوں کے خلاف تھیں۔حکومت نے اسی کے بعد ٹربیونل ریفارمز ایکٹ متعارف کرایا لیکن حیرت انگیز طور پر اس میں وہی دفعات شامل تھیں جنہیں عدالت نے پہلے ہی منسوخ کر دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے اس دفعہ کو بھی منسوخ کر دیا تھا جس میں ٹربیونل ممبران کی مدت کار چار سال رکھی گئی تھی۔ عدالت نے کہا تھا کہ اتنی مختصر مدت حکومت کے اثر کو بڑھا سکتی ہے۔ عدالت نے مدت کم از کم پانچ سال مقرر کی تھی اور چیئرپرسن کی زیادہ سے زیادہ عمر 70 اور ممبران کی 67 سال رکھی تھی۔
عدالت نے 50 سال کی کم از کم عمر کی شرط بھی ختم کر دی تھی تاکہ نوجوان وکلاء کو شامل ہونے کا موقع مل سکے۔ عدالت نے کہا تھا کہ دس سال کا وکالت کا تجربہ ہائی کورٹ کے جج کے برابر کافی اہلیت ہے۔عدالت نے اس شق کو بھی منسوخ کر دیا تھا جس میں حکومت کو سرچ کم سلیکشن کمیٹی کی جانب سے بھیجے گئے دو ناموں میں سے تقرری کرنے کا اختیار دیا گیا تھا۔
یہ آرڈیننس اپریل 2021 میں جاری کیا گیا تھا۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد حکومت نے اگست میں ٹربیونل ریفارمز ایکٹ منظور کیا جس میں تقریباً وہی دفعات شامل تھیں جنہیں عدالت پہلے ہی خارج کر چکی تھی۔