اعظم خان معاملے میں سپریم کورٹ یوپی حکومت سے سخت ناراض

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-05-2022
اعظم خان معاملے میں سپریم کورٹ یوپی حکومت سے سخت ناراض
اعظم خان معاملے میں سپریم کورٹ یوپی حکومت سے سخت ناراض

 


 آواز دی وائس، نئی دہلی

جیل میں بند سماج وادی پارٹی لیڈر اعظم خان کے معاملے میں سپریم کورٹ نے سخت رویہ اپناتے ہوئے سوال کھڑے کر دیے ہیں۔

سپریم کورٹ نے اس معاملے پر کہا کہ ایسا کیوں ہوا کہ ایک کیس میں ضمانت ہو گئی تو نیا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ اعظم خان کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پوچھا کہ ایسا کیوں ہو رہا ہے کہ یکے بعد دیگرے 89 مقدمات  اعظم خان پر درج ہوئے؟

ایک کیس میں ضمانت ہوئی تو نیا مقدمہ درج ہوا۔ اس پر اتر پردیش حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے۔

دراصل اعظم خان کے خلاف ایک آخری کیس باقی ہے، جس پر الہ آباد ہائی کورٹ گزشتہ پانچ ماہ سے حکم نہیں دے رہا تھا۔ گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے عدالتی عمل کا مذاق اڑایا تھا۔ اب ہائی کورٹ نے اس معاملے میں ضمانت دے دی ہے۔

تاہم ایک بار پھر نیا مقدمہ درج کرایا جس کی وجہ سے اعظم خان باہر نہیں آ سکے ۔ اب معاملہ سپریم کورٹ کے نوٹس میں آنے کے بعد سخت ریمارک کیا گیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ایک شخص پچھلے دو سال سے جیل میں بند ہے۔ جب اسے باہر آنے کا موقع ملتا ہے دوبارہ اس پر مقدمہ درج کر دیا جاتا  ہے۔ ایک دو کیس تو سمجھ میں آتے ہیں لیکن یکے بعد دیگرے 89 مقدمات درج ہوئے۔ یہ کیا طریقہ ہے؟

سپریم کورٹ کے اس ریمارکس پر یوپی حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے وکیل نے کہا کہ یہ غلط فہمی ہے کہ یہ جان بوجھ کر کیا جا رہا ہے۔ سپریم کورٹ نے حلف نامہ داخل کرنے کو کہا ہے۔

 اہم بات یہ ہے کہ سماج وادی پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن پارٹیاں اور لیڈر اعظم خان کے معاملے پر یوگی حکومت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت پر انتقامی کارروائی کا الزام لگایا گیا ہے۔ اب سپریم کورٹ نے بھی تبصرہ کیا ہے۔

اس کیس کی آئندہ سماعت 17 مئی 2022 کو ہوگی۔