نئی دہلی/ آواز دی وائس
سپریم کورٹ نے اپنے ایک حالیہ فیصلے میں ای ڈی اور ہوائی اڈے کے حکام کو سخت پیغام دیتے ہوئے بین الاقوامی مسافروں کو جلدبازی میں حراست میں لینے اور گرفتار کرنے سے باز رہنے کی ہدایت دی ہے۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کی کارروائی صرف مناسب قانونی مشورہ لینے اور عملی نقطۂ نظر اپنانے کے بعد ہی کی جانی چاہیے۔
عدالتِ عظمیٰ نے خبردار کیا کہ ہوائی اڈوں پر غلط طریقے سے کی گئی گرفتاریاں عالمی سطح پر ہندوستان کی ساکھ کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہو سکتی ہیں۔ جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے اٹلی میں دو دہائیوں سے زیادہ عرصے سے مقیم ایک ہندوستانی شہری راکی ابراہیم کے خلاف گرفتاری اور فوجداری کارروائی کو منسوخ کرتے ہوئے یہ تبصرے کیے۔
راکی پر ہرن کے سینگ کی اسمگلنگ کا الزام
راکی کو جنوری 2025 میں دہلی ہوائی اڈے پر وائلڈ لائف (تحفظ) ایکٹ 1972 کی خلاف ورزی کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ الزام تھا کہ وہ مبینہ طور پر ہرن کا سینگ لے جا رہے تھے۔ ابراہیم، جو اٹلی سے دہلی کے راستے چھٹیاں گزارنے اور علاج کے لیے کوچین جا رہے تھے، کو ہوائی اڈے کے حکام نے اس وقت گرفتار کر لیا جب ان کے سامان میں سینگ پایا گیا۔ ان کے خلاف ایکٹ کی دفعات 39، 49 اور 51 کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی۔
عالمی سطح پر ہندوستان کی ساکھ پر اثر
سپریم کورٹ نے کہا کہ اس طرح کی غلط مشاورت پر مبنی کارروائیاں بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ کو داغدار کرتی ہیں اور متعلقہ افسران کا طرزِ عمل انسانی حقوق کی ضمانت کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتا ہے۔ عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ ہم درخواست گزار کی گرفتاری، اس کے خلاف درج ایف آئی آر اور اس کے تحت کی گئی تمام کارروائیوں کو غیر قانونی قرار دیتے ہیں اور انہیں منسوخ کیا جاتا ہے۔