سپریم کورٹ ۔ غلط گرفتاری اور قید کے معاوضے کے لیے دائر عرضی پر سماعت ہوگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 28-10-2025
سپریم کورٹ ۔ غلط گرفتاری اور قید کے معاوضے کے لیے دائر عرضی پر سماعت ہوگی
سپریم کورٹ ۔ غلط گرفتاری اور قید کے معاوضے کے لیے دائر عرضی پر سماعت ہوگی

 



 نئی دہلی ۔سپریم کورٹ نے ایک ایسے شخص کی عرضی پر سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے جو ریپ اور قتل کے ایک مقدمے میں 12 سال قید کاٹنے کے بعد عدالت عظمیٰ سے بری ہوا۔ اس نے اپنی ’’غلط گرفتاری، مقدمہ چلائے جانے اور سزا‘‘ کے لیے معاوضہ طلب کیا ہے۔

عدالت نے کہا کہ ’’نوٹس جاری کیا جائے، معاملہ 24 نومبر کو واپس آئے گا۔ ہم اٹارنی جنرل یا سالیسٹر جنرل سے گزارش کریں گے کہ وہ اس معاملے میں عدالت کی معاونت کریں‘‘۔ یہ ہدایت جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے پیر کو تین الگ الگ عرضیوں پر سماعت کے دوران دی جن میں ایک ہی نوعیت کے مسئلے اٹھائے گئے تھے۔

ایک معاملے میں درخواست گزار چھ سال تک موت کی سزا پر رہا۔ اسے مارچ 2019 میں مہاراشٹر کے تھانے کی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔ نومبر 2021 میں بمبئی ہائی کورٹ نے بھی اس فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔

مگر رواں سال مئی میں سپریم کورٹ نے اسے تمام الزامات سے بری قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’’یہ کیس ایک بار پھر ناقص اور سطحی تفتیش کی کلاسک مثال ہے جس کے باعث استغاثہ ایک کمسن بچی کی عصمت دری اور قتل جیسے سنگین جرم میں ناکام رہا‘‘۔

اب اس شخص نے عدالت عظمیٰ سے معاوضہ مانگا ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ اسے ’’غلط اور غیرقانونی تفتیش اور من گھڑت شواہد کے ذریعے‘‘ مجرم ٹھہرایا گیا۔ عرضی میں کہا گیا کہ اسے 3 اکتوبر 2013 کو بلاجواز گرفتار کیا گیا اور 19 مئی 2025 کو رہا کیا گیا۔ اس طرح وہ 12 سال تک غلط طور پر قید رہا جن میں سے چھ سال موت کی سزا پر گزرے۔

درخواست گزار کی عمر اب 41 سال ہے اور وہ اتر پردیش کے ایک گاؤں کا رہنے والا ہے۔

عرضی میں کہا گیا کہ ’’درخواست گزار کے بنیادی حقوق جو آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت دیے گئے ہیں، کی سخت خلاف ورزی ہوئی ہے کیونکہ اسے جھوٹے مقدمے میں پھنسا کر غیرقانونی طور پر گرفتار کیا گیا، غلط تفتیش کی گئی، غیرمنصفانہ مقدمہ چلایا گیا اور اسے 12 سال قید میں رہنا پڑا۔ اس لیے ریاست کو لازم ہے کہ اسے مناسب معاوضہ ادا کرے‘‘۔

عرضی میں مزید کہا گیا کہ صرف رہائی کافی نہیں بلکہ ریاست کو ہدایت دی جانی چاہیے کہ وہ 12 سال کی قید کے دوران ہونے والے مالی اور غیرمالی نقصان کا ازالہ کرے۔