سوربھ بھاردواج کا بی جے پی پر الزام

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 04-07-2025
سوربھ بھاردواج کا بی جے پی پر الزام
سوربھ بھاردواج کا بی جے پی پر الزام

 



نئی دہلی/ آواز دی وائس
عام آدمی پارٹی کے دہلی صدر سوربھ بھاردواج نے دہلی میں پرانی گاڑیوں کو ہٹانے کے فیصلے کو لے کر بی جے پی پر شدید تنقید کی ہے۔ سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی عدالت کے حکم کا بہانہ بنا رہی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ان کی سازش بے نقاب ہو گئی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فروری میں بی جے پی کی حکومت نے حلف لیا اور چند دن بعد ہی یکم جولائی کو ماحولیاتی وزیر منجندر سنگھ سرسا کو اس فیصلے کا اعلان کرنا پڑا۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی جس سی کیو ایم (کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ) کے حکم کا حوالہ دے رہی ہے، وہ حکم تو وزیر کے اعلان کے کئی دن بعد 27 اپریل کو جاری ہوا تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی نے پہلے ہی آٹو موبائل کمپنیوں سے سازباز کر رکھی تھی تاکہ انہیں کروڑوں روپے کا فائدہ پہنچایا جا سکے، اسی لیے یہ فیصلہ کیا گیا۔
۔61 لاکھ لوگ نئی گاڑیاں خریدنے پر مجبور
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ اس فیصلے سے دہلی کے تقریباً 61 لاکھ لوگ نئی گاڑیاں خریدنے پر مجبور ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام نے پہلے بھی بی جے پی کے کئی سخت فیصلے واپس کرائے ہیں اور اب جب بی جے پی کی حقیقت سامنے آئی تو دہلی حکومت کے وزیرِ ماحولیات منجندر سنگھ سرسا کو خود سی کیو ایم کو خط لکھ کر کہنا پڑا کہ حکومت پرانی گاڑیوں کو پٹرول اور ڈیزل نہ دینے کا پابند نہیں بنا سکتی۔ آخرکار وزیرِ ماحولیات کو خود سامنے آنا پڑا۔
بی جے پی عدالت کا بہانہ بنا رہی ہے
سوربھ بھاردواج نے الزام لگایا کہ بی جے پی عدالت کے فیصلے کا بہانہ بنا رہی ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ پرانی گاڑیوں پر پابندی سے متعلق نیشنل گرین ٹریبیونل کا پہلا حکم آج سے 10 سال پہلے 7 اپریل 2015 کو آیا تھا۔ اس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی 15 اپریل 2015 کو ایسا ہی حکم دیا تھا۔ 2015 سے 2025 تک دہلی میں عام آدمی پارٹی کی حکومت رہی لیکن کبھی بھی پرانی گاڑیوں کو پٹرول یا ڈیزل نہ دینے کا کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا۔ مگر بی جے پی کے حکومت میں آتے ہی صرف پانچ مہینے کے اندر یہ پابندی لگا دی گئی۔
سی کیو ایم سے سازباز کا الزام
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ بی جے پی کی دہلی حکومت نے 23 اپریل 2025 کو سی کیو ایم سے ملی بھگت کے تحت ایک خط حاصل کیا، جس کے بعد پرانی گاڑیوں کو پٹرول اور ڈیزل دینے پر پابندی لگا دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ سیدھا سیدھا دہلی کے عوام پر بی جے پی کی مرکزی حکومت، دہلی حکومت اور سی کیو ایم کی ملی بھگت سے تھوپا گیا تانا شاہی فیصلہ ہے۔ ان کا مقصد صرف نئی گاڑیوں کی فروخت کو بڑھانا ہے۔