ستیہ نکیتن عمارت حادثہ: تین ملزمان دو روزہ پولیس حراست میں

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 09-09-2026
ستیہ نکیتن عمارت حادثہ: تین ملزمان دو روزہ پولیس حراست میں
ستیہ نکیتن عمارت حادثہ: تین ملزمان دو روزہ پولیس حراست میں

 



نئی دہلی: دہلی کی ایک عدالت نے ستیہ نکیتن میں پانچ منزلہ عمارت منہدم ہونے کے معاملے میں گرفتار عمارت کے مالک کے بیٹے، پیئنگ گیسٹ (پی جی) چلانے والے شخص اور ایک ٹھیکیدار کو بدھ کو دو روزہ پولیس حراست میں بھیج دیا۔ اس حادثے میں سات افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دہلی پولیس نے اتوار کو پیش آئے حادثے کے سلسلے میں پوچھ گچھ کے لیے ملزمان کی تین روزہ پولیس حراست کی درخواست کی تھی۔

جوڈیشل مجسٹریٹ کوتوک بھاردواج نے عمارت کے مالک کے بیٹے مہیش گپتا، پی جی آپریٹر سدھانشو اور ٹھیکیدار سنوج کو دو روزہ پولیس حراست میں بھیج دیا۔ گپتا کو دو روزہ پولیس حراست مکمل ہونے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا، جبکہ دیگر دونوں ملزمان کو منگل کو گرفتاری کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔

سدھانشو کے وکیل نے دعویٰ کیا کہ ’’میڈیا ٹرائل‘‘ کی وجہ سے تحقیقات متاثر ہو رہی ہیں، جس کے بعد کارروائی بند کمرے میں کی گئی۔ جوڈیشل مجسٹریٹ نے میڈیا نمائندوں کو عدالت سے باہر جانے کی ہدایت دی۔ تحقیقات کے دوران ’ہاسٹل ڈیز‘ پی جی چلانے والے دو کاروباری شراکت داروں میں سے ایک سدھانشو کو گرفتار کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق عمارت کے مالک کے بیٹے مہیش نے اگست 2025 میں یہ عمارت سدھانشو اور اس کے کاروباری ساتھی شبھم تیاگی کو لیز پر دی تھی۔ اس کے بعد دونوں نے یہاں ’ہاسٹل ڈیز‘ کے نام سے پیئنگ گیسٹ (پی جی) چلانا شروع کیا۔ شبھم تیاگی فی الحال فرار ہے۔

پیر کو عدالت نے عمارت کے 81 سالہ مالک ہری رام، جو ہندوستانی فضائیہ کے ریٹائرڈ سارجنٹ ہیں، اور ان کی 75 سالہ اہلیہ ارملا کو 14 روزہ عدالتی حراست میں بھیج دیا تھا۔ وہیں ان کے 52 سالہ بیٹے مہیش کو دو روزہ پولیس حراست میں بھیجا گیا تھا۔ ستیہ نکیتن علاقے میں اتوار کی دوپہر ایک عمارت منہدم ہو گئی تھی۔ اس عمارت کو طلبہ کے لیے پیئنگ گیسٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔ ملبے سے 12 افراد کو نکالا گیا تھا، جن میں سے سات افراد کی موت ہو گئی جبکہ پانچ دیگر زخمی ہوئے ہیں۔