نئی دہلی: جنوب مغربی دہلی کے ستیہ نکیتن علاقے میں ایک عمارت منہدم ہونے سے سات افراد کی موت کے بعد وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی ہدایت پر دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے ایک ڈپٹی کمشنر سمیت پانچ افسران کو پیر کے روز معطل کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ کے دفتر نے پیر کو بتایا کہ گپتا کی ہدایت پر ایم سی ڈی کے جنوبی زون کے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) راکیش کمار کے ساتھ ایگزیکٹو انجینئر، سپرنٹنڈنگ انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر اور جونیئر انجینئر کو معطل کیا گیا ہے۔ ’پی ٹی آئی-زبان‘ کو موصول حکم نامے کی نقل کے مطابق معطل کیے گئے افسران میں جنوبی زون کے سپرنٹنڈنگ انجینئر رنویر سنگھ، ایگزیکٹو انجینئر (بلڈنگ) للت کمار گوئل، اسسٹنٹ انجینئر (بلڈنگ) سنیل چوہان اور جونیئر انجینئر (بلڈنگ) آشیش کمار شامل ہیں۔
دہلی میونسپل کارپوریشن کے ویجیلنس محکمہ نے ان افسران کی معطلی کے احکامات جاری کیے ہیں۔ اس سے پہلے وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا پیر کو مسلسل دوسرے دن جائے حادثہ پر پہنچیں اور بچاؤ کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ یہ عمارت اتوار کی دوپہر تقریباً ڈیڑھ بجے مرمت کے کام کے دوران منہدم ہوئی تھی۔ اس عمارت میں لڑکوں کے لیے ’پےئنگ گیسٹ‘ (پی جی) رہائش گاہ تھی۔ عمارت کے ملبے سے اب تک 12 افراد کو نکالا جا چکا ہے، جن میں سے سات افراد کی موت ہو گئی ہے۔