سارناتھ یونیسکو عالمی ورثہ فہرست میں شامل، پی ایم مودی کی مبارکباد

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 25-07-2026
سارناتھ یونیسکو عالمی ورثہ فہرست میں شامل، پی ایم مودی کی مبارکباد
سارناتھ یونیسکو عالمی ورثہ فہرست میں شامل، پی ایم مودی کی مبارکباد

 



نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتر پردیش کے سارناتھ کو یونیسکو کی عالمی ثقافتی ورثہ فہرست میں شامل کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہر ہندوستانی کے لیے باعثِ فخر لمحہ ہے۔ وارانسی سے تقریباً 10 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع سارناتھ دنیا بھر کے بدھ مت کے ماننے والوں کے لیے ایک نہایت اہم زیارت گاہ ہے۔

تاریخی اعتبار سے اس کی اہمیت اس لیے بھی ہے کہ بھگوان گوتم بدھ نے یہیں اپنا پہلا وعظ (دھرم چکر پرورتن) دیا تھا۔ وزیر اعظم مودی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا، "یہ ہر ہندوستانی کے لیے فخر کا لمحہ ہے۔ اتر پردیش کے سارناتھ کو یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل کیے جانے پر مجھے بے حد خوشی ہے۔"

انہوں نے کہا کہ سارناتھ کا بھگوان بدھ سے گہرا تعلق ہے، جن کا علم، کرُونا (رحم دلی) اور ہم آہنگی کا لازوال پیغام آج بھی پوری دنیا کو متاثر اور رہنمائی فراہم کر رہا ہے۔ مودی نے مزید کہا، "یہ اعزاز ہندوستان کی عظیم تہذیبی اور روحانی وراثت کا اعتراف ہے۔

اس سے دنیا بھر سے زیادہ سے زیادہ لوگ سارناتھ آئیں گے اور بھگوان بدھ کے اعلیٰ افکار اور تعلیمات سے روشناس ہوں گے۔" اس سے قبل اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی ادارے (یونیسکو) نے بھی ایکس پر اعلان کرتے ہوئے کہا، "تازہ خبر! ہندوستان کے قدیم بدھ مت کے مقام سارناتھ کو یونیسکو کی عالمی ورثہ فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔"