نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعہ کو ’عالمی یومِ سنسکرت‘ کے موقع پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے سنسکرت کو ہندوستان کی علمی روایت، ثقافت اور شعور کی بنیادی زبان قرار دیا۔ وزیر داخلہ نے رکشا بندھن کے موقع پر بھی شہریوں کو مبارکباد دی۔
شاہ نے ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میں کہا کہ سنسکرت ہندوستان کی علمی روایت، ثقافت اور شعور کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ زبان جتنی قدیم ہے، اتنی ہی سائنسی بھی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’سنسکرت میں تحریر کیے گئے وید، اپنشد اور شاستر صدیوں سے انسانیت کو علم کی راہ دکھاتے آ رہے ہیں۔‘‘ شاہ نے ان تمام علما اور اساتذہ کو خراجِ احترام پیش کیا جنہوں نے سنسکرت زبان کے تحفظ اور اسے نئی نسلوں تک پہنچانے میں ناقابلِ فراموش کردار ادا کیا ہے۔