ہم جنس تعلقات: مرکز نے سپریم کورٹ میں اپنی بات رکھی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-04-2026
ہم جنس تعلقات: مرکز نے سپریم کورٹ میں اپنی بات رکھی
ہم جنس تعلقات: مرکز نے سپریم کورٹ میں اپنی بات رکھی

 



نئی دہلی: مرکزی حکومت نے بدھ کے روز سپریم کورٹ میں کہا کہ بدکاری اور رضامندی سے ہم جنس جنسی تعلقات کو جرم کے زمرے سے باہر رکھنے کے دو اہم فیصلے ’’آئینی اخلاقیات‘‘ کے موضوعی (سبجیکٹو) استعمال پر مبنی ہیں اور انہیں ’’اچھا قانون نہیں‘‘ قرار دیا جانا چاہیے۔

یہ بات چیف جسٹس سوریہ کانت کی سربراہی میں نو رکنی آئینی بنچ کے سامنے کہی گئی، جو کیرالہ کے شبرملا مندر سمیت مختلف مذہبی مقامات پر خواتین کے ساتھ امتیازی سلوک اور مختلف مذاہب کی جانب سے اختیار کی جانے والی مذہبی آزادی کے دائرہ کار اور امکانات سے متعلق درخواستوں کی سماعت کر رہی ہے۔

سپریم کورٹ نے مذہبی آزادی کے دائرہ کار سے متعلق سات سوالات طے کیے ہیں۔ ان میں سے ایک سوال یہ تھا کہ آئین کے آرٹیکل 25 اور 26 کے تحت ’اخلاقیات‘ کے لفظ کا دائرہ اور حد کیا ہے، اور کیا اس میں آئینی اخلاقیات بھی شامل ہیں؟ دوسرے دن دلائل پیش کرتے ہوئے، مرکز کی جانب سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے کہا کہ آئینی اخلاقیات کا تصور ایک احساس ہے، کوئی ایسا اصول نہیں جس کی بنیاد پر کسی قانون کو پرکھا جا سکے۔

مہتا نے کہا، ’’جمہوری اصولوں پر چلنے والے ملک میں ہمیشہ اکثریت کا نقطۂ نظر غالب رہتا ہے، خاص طور پر جب کسی قانون کو جانچنے کی بات ہو، کیونکہ قانون اکثریت ہی بناتی ہے۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’پھر آپ اس بنیاد پر اخلاقیات کو کیسے متعین کرتے ہیں؟ اس کے بعد فہم میں ترقی یا تبدیلی بھی آ سکتی ہے۔‘‘

عدالتی جائزے کے دائرہ کار کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے مہتا نے بدکاری اور رضامندی سے ہم جنس تعلقات کو جرم کے زمرے سے باہر کرنے والے سپریم کورٹ کے فیصلوں کا حوالہ دیا۔ سال 2018 میں، بیرونِ ملک مقیم ہندوستانی جوزف شائن کی درخواست پر، سپریم کورٹ نے بدکاری کے جرم سے متعلق تعزیراتِ ہند کی دفعہ 497 کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ختم کر دیا تھا۔

اسی سال، پانچ رکنی آئینی بنچ نے رقاص نو تیج سنگھ جوہر کی درخواست پر تعزیراتِ ہند کی دفعہ 377 کے پرانے ضابطوں کو جزوی طور پر منسوخ کرتے ہوئے ہم جنس پرستی کو جرم کے زمرے سے باہر کر دیا تھا۔ مہتا نے کہا، ایک سوال یہ بھی ہے کہ عدالتی جائزے کی حد کیا ہے اور آئینی اخلاقیات کیا ہیں؟