نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعہ کو سنبھل کی تاریخی مسجد سے متعلق جاری تنازع پر فیصلہ سناتے ہوئے 25 اگست 2025 تک "یَتھاستھِتی" (Status Quo) برقرار رکھنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے اس معاملے میں ہندو فریقین کو نوٹس بھی جاری کیا ہے۔
جسٹس پی ایس نرسمہا اور جسٹس اے ایس چندورکر کی بنچ نے یہ عبوری حکم جاری کیا۔ یہ معاملہ اُس اپیل سے جڑا ہے جو مسجد کمیٹی کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔ اس اپیل میں الہ آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے جس میں جامع مسجد اور ہرِہَر مندر کے تنازع میں سنبھل کی ایک ماتحت عدالت کی طرف سے مسجد کے سروے کا حکم درست قرار دیا گیا تھا۔
ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ سول عدالت کی طرف سے کورٹ کمشنر کی تقرری اور سروے کا حکم درست ہے اور مقدمہ قابلِ سماعت ہے۔ مسجد کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ 19 نومبر 2024 کو سِول جج نے مغل دور کی اس مسجد کا سروے کرانے کا حکم دیا تھا، جس کے خلاف وہ اسی دن ہائی کورٹ پہنچی۔ کمیٹی کا دعویٰ ہے کہ 24 نومبر کو جو دوسرا سروے کرایا گیا، وہ غیر قانونی تھا کیونکہ سول عدالت نے اس کا کوئی حکم نہیں دیا تھا۔