سنبھل: اترپردیش کے ضلع سنبھل میں واقع محلہ حاتم سراۓ ان دنوں خبروں میں ہے۔ وجہ ہے 80 مکانات کو لے کر پیدا ہونے والا تنازعہ، جنہیں انتظامیہ نے غیرقانونی قرار دے کر تالاب کی زمین پر تعمیر شدہ بتایااور ان پر لال نشان لگا کر انہدام کی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
اس فیصلے کے بعد مقامی لوگوں میں سخت بےچینی پھیل گئی ہے، اور معاملہ اب عدالت کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے۔ اس تنازعے کی جڑ میں ایک اہم دعویٰ سامنے آیا ہے، جو سراۓ ترین کے رہائشی پوروِی وارشنیے نے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جس زمین کو تالاب بتایا جا رہا ہے، وہ دراصل ان کی دادی رام سُنیِتی دیوی کی ذاتی زمین ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ انتظامیہ نے نہ تو ریونیو ریکارڈ دیکھا، نہ ہی فروخت کے دستاویزات کا جائزہ لیا، بلکہ یکطرفہ کارروائی شروع کر دی۔
پوروِی وارشنیے کے مطابق ان کی دادی کے پاس 12 بیگھا زمین تھی، جس میں سے آٹھ بیگھا پر آج یہ مکان بنے ہوئے ہیں۔ یہ زمین 2009 کے بعد فروخت کی گئی اور سالوں تک وہاں کھیتی ہوتی رہی۔ کچھ حصے میں لوگوں نے مٹی نکالی، جس سے زمین کچھ حد تک تالاب جیسی دکھنے لگی، مگر حقیقت میں یہ کبھی سرکاری یا رجسٹرڈ تالاب نہیں تھی۔ بعد میں زمین برابر کر دی گئی اور قانونی طریقے سے رجسٹری کے بعد مکان تعمیر کیے گئے۔
اس معاملے پر تحصیلدار دھیرندر سنگھ نے بیان دیا کہ یہ زمین سرکاری تالابکی ہے، جسے پاٹ کر 80 مکان تعمیر کیے گئے، اور اب 15 دن کے اندر انہدام کا نوٹس جاری کیا جا چکا ہے۔ اسی کے تحت بدھ کو 40 مکانات پر لال نشان لگا دیا گیا۔ لال نشان کی کارروائی سے متاثرہ خاندانوں نے الزام لگایا کہ نوٹس تو دیا گیا، لیکن ان کی بات سنے بغیر نشان لگا دیے گئے۔
کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ زمین انہوں نے قانونی طور پر خریدی تھی، رجسٹری کرائی، پھر مکان بنائے۔ اگر زمین غیرقانونی ہوتی تو بغیر کسی اعتراض کے بئنہما (رجسٹری) کیسے ہو جاتی؟ تنازعہ کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ متعدد خاندان اب ہائی کورٹ پہنچ چکے ہیں۔ وہ اپنے قانونی کاغذات، رجسٹری اور دیگر شواہد کے ساتھ عدالت میں اپنا حق ثابت کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ جب مقامی سطح پر کوئی سننے والا نہیں ہے، تو عدلیہ ہی آخری امید ہے۔ یہ بات بھی اہم ہے کہ اس زمین کے سلسلے میں 2009 میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ (اے ڈی ایم) ہرگیان سنگھ پُندیِر کی عدالت نے فیصلہ دیا تھا کہ یہ زمین رام سُنیِتی دیوی کی ذاتی ملکیت ہے۔
عدالت نے یہ بھی کہا کہ چونکہ زمین نہ سرکاری ہے، نہ میونسپل، نہ وقف کی، اس لیے اس پر Public Premises Act (پی پی ایکٹ) لاگو نہیں ہوتا۔ عدالت نے جاری 35 نوٹسز کو واپس لینے کا حکم بھی دیا تھا۔ یہی مؤقف اب ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر راجندر پینسیا نے بھی اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اب اطلاع ملی ہے کہ زمین ذاتی ہو سکتی ہے، اس لیے وہ دونوں فریقوں کو بلا کر معاملے کی تحقیقات کرائیں گے اور انصاف کیا جائے گا۔
ادھر سماجوادی پارٹی کے ایم ایل اے اقبال محمود نے بھی ضلع مجسٹریٹ سے ملاقات کی اور موقف رکھا کہ جسے تالاب کی زمین کہا جا رہا ہے، وہ دراصل زرعی زمین ہے، اور یہ بات ریونیو ریکارڈ سے بھی ثابت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا: بلڈوزر چلانے سے پہلے مکمل چھان بین کرائی جائے، کیونکہ ایسی کارروائی سے بےگناہ لوگوں کو نقصان ہو سکتا ہے۔
مجموعی طور پر حاتم سراۓ کا یہ معاملہ سرکاری کارروائی اور ذاتی زمین کے درمیان ایک پیچیدہ قانونی تنازعہ بن چکا ہے۔ ایک طرف انتظامیہ سرکاری زمین پر قبضے کا دعویٰ کر رہی ہے، تو دوسری طرف مقامی لوگ دستاویزات کے ساتھ اپنی زمین کو نجی ملکیت ثابت کر رہے ہیں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ عدالت اور انتظامیہ مل کر اس مسئلے کا غیر جانبدارانہ اور منصفانہ حل کیسے نکالتے ہیں۔
یہ معاملہ نہ صرف مقامی سطح پر اہم ہے بلکہ یہ سوال بھی اٹھاتا ہے کہ کیا بغیر مکمل جانچ کے اس طرح کے انہدام کی کارروائیاں درست ہیں؟ اور اگر واقعی زمین ذاتی ہے، تو ایسے خاندانوں کی کئی دہائیوں کی کمائی کا ذمہ دار کون ہوگا؟ فی الحال، ساری نظریں عدالت کی جانب لگی ہوئی ہیں، جہاں سے شاید متاثرین کو کچھ راحت مل سکے۔