سنبھل : قبرستان کی زمین پر مسجد تعمیر کرنے کا الزام ، سات افراد کے خلاف مقدمہ درج

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 19-01-2026
سنبھل : قبرستان کی زمین پر مسجد تعمیر کرنے کا الزام ، سات افراد کے خلاف مقدمہ درج
سنبھل : قبرستان کی زمین پر مسجد تعمیر کرنے کا الزام ، سات افراد کے خلاف مقدمہ درج

 



سنبھل (اتر پردیش): سنبھل ضلع کے نکاسا تھانے کی پولیس نے مبینہ طور پر قبرستان کی زمین پر مسجد تعمیر کرنے اور سنٹرل وقف بورڈ کے سامنے غلط شواہد پیش کر کے اسے وقف قرار دلوانے کے معاملے میں انتظامی کمیٹی کے سات افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے۔

پولیس نے پیر کو یہ جانکاری دی۔ پولیس کے مطابق اتوار کو حلقہ کے لکھپال کی شکایت پر نکاسا پولیس نے انتظامی کمیٹی کے سات ارکان کے خلاف مقدمہ درج کیا۔ نکاسا تھانے کے انچارج انسپکٹر سنجیو بالیان نے بتایا کہ لکھپال خابر حسین کی شکایت پر ذاکر حسین، تسلیم، بھورے علی، شرف الدین، دل شریف احمد، مہاباد علی اور ننھے کے خلاف بھارتی نیائے سنہتا کی دفعہ 329(3) (مجرمانہ دراندازی) اور عوامی املاک کو نقصان سے بچاؤ ایکٹ 1984 کی دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

لکھپال خابر حسین نے پولیس کو دی گئی شکایت میں الزام لگایا کہ نکاسا تھانہ علاقے کے گاؤں کسے روا میں قبرستان کی کچھ زمین پر مسجد تعمیر کر لی گئی اور مسجد کمیٹی کی جانب سے پیش کیے گئے دستاویزات سے معلوم ہوتا ہے کہ اس مسجد کو 19 جون 2023 کو اتر پردیش سنی سنٹرل وقف بورڈ میں رجسٹر کرایا گیا تھا۔ حسین نے کہا کہ قبرستان کے لیے مختص گرام سبھا کی زمین پر قبضہ کر کے سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا ہے، جس کے باعث مسجد کمیٹی کے سات افراد کے خلاف نکاسا تھانے میں مقدمہ درج کرایا گیا۔