سمستی پور:سڑک پر بکھری ملیں وی وی پیٹ کی پرچیاں

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-11-2025
سمستی پور:سڑک پر بکھری ملیں وی وی پیٹ کی پرچیاں
سمستی پور:سڑک پر بکھری ملیں وی وی پیٹ کی پرچیاں

 



سمستی پور (بہار):بہار کے ضلع سمستی پور کے سرائرنجن اسمبلی حلقے میں ہفتے کے روز (8 نومبر) اُس وقت ہلچل مچ گئی جب کے ایس آر کالج کے قریب سڑک کنارے بڑی تعداد میں وی وی پیٹ (VVPAT) پرچیاں بکھری ہوئی پائی گئیں۔ اطلاع ملتے ہی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران موقع پر پہنچ گئے اور مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی موجودگی میں ان پرچیوں کو ضبط کر لیا گیا۔

واقعے کے سلسلے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ لاپروائی برتنے والے اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق، ضلع انتظامیہ میں اُس وقت کھلبلی مچ گئی جب یہ خبر ملی کہ سرائرنجن اسمبلی حلقے کے گورڈما گاؤں میں کوڑے کے ڈھیر سے ہزاروں کی تعداد میں وی وی پیٹ پرچیاں ملی ہیں۔ اطلاع ملتے ہی ضلع الیکشن افسر، ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ موقع پر پہنچے اور صورتحال کا جائزہ لیا۔

اسمبلی کے امیدواروں کو بھی موقع پر بلایا گیا تاکہ کارروائی شفاف انداز میں ہو۔ ضلعی انتظامیہ کی کارروائی ضلع مجسٹریٹ روشن کُشواہا نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ معاملہ تکنیکی نوعیت کا لگتا ہے۔ ان کے مطابق کمیشننگ کے دوران ماک پول (Mock Poll) ہوتا ہے، جس میں تقریباً پانچ فیصد مشینوں پر فرضی ووٹنگ کے ذریعے تمام بٹنوں اور نشانات کی جانچ کی جاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تفصیلی تفتیش کے بعد تمام حقائق واضح ہو جائیں گے۔ ضلع انتظامیہ کی جانب سے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا گیا کہ ہفتہ (8 نومبر 2025) کو سرائرنجن تھانہ حدود کے گاؤں گورڈما میں کوڑے کے ڈھیر سے کچھ کٹے اور بغیر کٹے مبینہ انتخابی پرچے ملے۔

اطلاع ملتے ہی ضلع الیکشن افسر-سہ-ضلع مجسٹریٹ اور ایس پی موقع پر پہنچے اور پرچیوں کو باقاعدہ طور پر امیدواروں کی موجودگی میں ضبط کر لیا گیا۔ یہ جگہ سرائرنجن اسمبلی کے ڈسپیچ سینٹر سے تقریباً 500 میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ انتظامیہ نے بتایا کہ اس واقعے کے سلسلے میں سرائرنجن تھانہ میں ایف آئی آر درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے، جبکہ لاپروائی برتنے والے ملازمین کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے انہیں معطل کر دیا گیا ہے۔

ایس پی سمستی پور کا بیان سمستی پور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نے اپنے بیان میں کہا، “سرائرنجن تھانہ کے تحت گورڈما گاؤں میں کوڑے کے ڈھیر سے کچھ کٹی اور غیر کٹی انتخابی پرچیاں ملی ہیں۔ مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی موجودگی میں ان تمام پرچیوں کو ضبط کر لیا گیا ہے۔ یہ جگہ ڈسپیچ سینٹر سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر ہے۔ اس واقعے کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور ضروری کارروائی جاری ہے۔”

آر جے ڈی کا ردِ عمل اس واقعے پر راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے سخت ردعمل ظاہر کیا۔ پارٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم “ایکس” (X) پر لکھا: “سمستی پور کے سرائرنجن اسمبلی حلقے میں بھاری تعداد میں وی وی پیٹ پرچیاں ملی ہیں۔ یہ کب، کیسے، کیوں اور کس کے اشارے پر پھینکی گئیں؟ کیا ‘چور الیکشن کمیشن’ اس کا جواب دے گا؟ کیا یہ سب اُس ‘جمہوریت کے ڈاکو’ کے اشارے پر ہو رہا ہے جو باہر سے آ کر بہار میں ڈیرہ ڈالے ہوئے ہے؟” یہ واقعہ انتخابات کے دوران انتخابی عمل کی شفافیت پر سنگین سوال کھڑا کرتا ہے، اور اس نے سیاسی ماحول میں نئی گرمی پیدا کر دی ہے۔