سماجوادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ووٹر لسٹ مانگی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-09-2025
سماجوادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ووٹر لسٹ مانگی
سماجوادی پارٹی نے الیکشن کمیشن سے ووٹر لسٹ مانگی

 



لکھنؤ: سماج وادی پارٹی (سپا) کی اترپردیش یونٹ کے صدر شیام لال پال نے الیکشن کمیشن سے اپیل کی ہے کہ انہیں 2003 کی ووٹر لسٹ اور 7 جنوری 2025 کو آخری اشاعت کے بعد نظرثانی شروع ہونے کی تاریخ تک کی ووٹر لسٹ مفت فراہم کی جائے۔

سپا کے چیف ترجمان راجندر چودھری نے بتایا کہ پال نے منگل کو اترپردیش کے چیف الیکشن افسر کو ایک یادداشت دے کر یہ مطالبہ کیا ہے کہ سپا کو 2003 کی ووٹر لسٹ اور 7 جنوری 2025 کے بعد سے نظرثانی شروع ہونے تک کی ووٹر لسٹ مہیا کرائی جائے تاکہ خاص نظرثانی کے دوران فہرست میں موجود خامیوں کو درست کرانے میں بوتھ لیول ایجنٹس (BLA) پوری طرح بوتھ لیول افسران (BLO) کی مدد کر سکیں۔

چودھری نے بتایا کہ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ اترپردیش کی 403 اسمبلی نشستوں میں تقریباً ایک لاکھ 90 ہزار پولنگ مراکز پر لگ بھگ 15 کروڑ 42 لاکھ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ میں درج ہیں۔ خاص نظرثانی کے دوران ووٹر لسٹ کو از سر نو تیار کیا جائے گا اور BLO گھر گھر جا کر ہر ووٹر کی تصدیق کرے گا اور ’’گنتی فارم‘‘ بھرے گا۔ ووٹر لسٹ کو درست بنانے کے لئے BLO کے ساتھ سیاسی پارٹیوں کے BLA بھی تعاون کریں گے۔

تصدیق کے دوران فوت شدہ، مستقل طور پر منتقل ہونے والے، دہری اندراج والے اور غائب ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے نکال دیے جائیں گے۔ چودھری کے مطابق 2003 کے بعد کئی بار پولنگ مراکز کی ازسرنو تشکیل ہوئی ہے جس میں بڑی تعداد میں ووٹروں کے پولنگ بوتھ اور مراکز بدل گئے ہیں۔ ایسے میں BLO کے ساتھ تصدیقی کام کرنے والے BLA کو اس بوتھ کی ووٹر لسٹ فراہم کرانا بے حد ضروری ہے۔