جذبے کو سلام! لوگوں نے حاملہ خاتون پروفیسر کو اس طرح بچایا

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 12-07-2025
جذبے کو سلام! لوگوں نے حاملہ خاتون پروفیسر کو اس طرح بچایا
جذبے کو سلام! لوگوں نے حاملہ خاتون پروفیسر کو اس طرح بچایا

 



شملہ/ آواز دی وائس
ہماچل پردیش کے تھونانگ میں بادل پھٹنے کے بعد ہارٹیکلچر کالج کے طلباء اور پروفیسرز سمیت تقریباً 150 افراد پھنس گئے تھے۔ ان میں دو خاتون پروفیسر حاملہ تھیں۔ نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا تھا۔ لیکن کالج کے طلباء نے کرسی کو پالکی میں تبدیل کر کے اپنی حاملہ پروفیسر کو 11 کلومیٹر پیدل سفر طے کر کے محفوظ مقام تک پہنچایا۔ ان طلباء میں 80 لڑکیاں شامل تھیں۔
تھونانگ میں بند راستوں کے بیچ طلباء نے کی مدد
تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کس طرح طلباء ایک کرسی کو پالکی میں بدل کر اپنی خاتون پروفیسر کو ریسکیو کر رہے ہیں۔ بادل پھٹنے کے بعد تھونانگ میں ہر طرف تباہی کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ راستے مکمل طور پر بند ہو چکے تھے۔ کالج سے باہر نکلنے کا کوئی راستہ نظر نہیں آ رہا تھا۔ ایمبولینس تو دور، اس کے آس پاس بھی نہیں پہنچ سکتی تھی۔ ایسے میں طلباء اور طالبات نے اپنی حاملہ پروفیسر کو 11 کلومیٹر پیدل سفر کروا کر محفوظ مقام تک پہنچایا۔
تمام اسکول اور کالج بند
آفت کے وقت کالج میں طلباء سمیت 150 افراد موجود تھے۔ تھونانگ کا کالج اب مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ کالج کیمپس کو دوسری جگہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسی کے ساتھ آفت کی شدت کو دیکھتے ہوئے تھونانگ کے تمام اسکول اور کالج بند کر دیے گئے ہیں۔
ہماچل میں ہر طرف تباہی
ہماچل میں پہاڑ ٹوٹ پڑے، سڑکیں بہہ گئیں، بادل پھٹ گئے اور ندیاں طغیانی پر ہیں۔ مون سون کی بارش نے ہر سمت تباہی کا خوفناک منظر پیش کر دیا ہے۔ جیسے ہی مون سون نے دستک دی، پہاڑی ملبے اور طغیانی مچاتی ندیوں کے بیچ ہماچل ایک بار پھر کراہنے لگا ہے۔ ہماچل کے ضلع منڈی کا تھونانگ قصبہ بادل پھٹنے کے بعد ایک ’خالی شہر‘ میں بدل گیا ہے۔ اس آفت میں بے شمار زندگیاں تباہ ہو چکی ہیں۔