صلاح الدین : چار کروڑ ترنگے بنانے کا ہدف

Story by  اے ٹی وی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 11-08-2022
صلاح الدین : چار کروڑ ترنگے بنانے کا ہدف
صلاح الدین : چار کروڑ ترنگے بنانے کا ہدف

 

 

آواز دی وائس، کولکاتہ

ملک پر جشن آزادی کا بخار سر چڑھ چکا ہے۔ابھی یوم آزادی میں چند دنوں کا فاصلہ ہے لیکن اس کی تیاری میں ملک غرق ہے۔ کیا اسکول کے بچے اور کیا سرکاری دفاتر کے ملازمین ۔ہر سطح پر اس جشن کی تیاری بڑی تیزی کے ساتھ جاری ہے۔اس جشن کا سب سے اہم پہلو ہے ہر گھر ترنگا۔  حکومت ہند کی جانب سے آزادی کے 75 سال کا جشن'امرت مہوتسو' کے موقع پر ہر گھر ترنگا کی مہم شروع کی گئی ہے۔اس کے تحت ہندوستانی وزیراعظم نریندر مودی نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ سبھی شہری اپنے اپنے گھروں میں ترنگا لہرائیں۔اس مہم نے ملک میں ایک جنون پیدا کردیا ہے لیکن جتنی بڑی تعداد میں ترنگے لپہرائے جائیں گے اس کی تیاری بھی ایک صنعت کی شکل اختیار کرچکی ہے ۔

 کولکاتہ کے ایک چھوٹے سے مسلمان تاجر کے لیے  بہت اہم ثابت ہوئی ۔اس مسلمان تاجر کا نام صلاح الدین منڈل ہے۔ ان کی کمپنی جھنڈا فراہم کرتی ہے۔  رواں سال صلاح الدین منڈل کی کمپنی  'ہر گھر ترنگا' مہم کے تحت حکومت کی طرف سے فہرست میں شامل نو جھنڈا فراہم کرنے والوں میں سے ایک ہے۔

خیال رہےکہ  تمام ہندوستانی شہریوں سے 13 سے 15 اگست کے درمیان اپنے اپنے گھروں پر ترنگا  لہرانے  کی اپیل کی گئی ہے۔ حکومت ہند کے مطابق یہ پروگرام قومی سطح پر 30 کروڑ سے زائد ترنگوں کی مانگ پیدا کر رہا ہے۔

حکومت کی طرف سے ملک کے مختلف حصوں میں جھنڈا فراہم کرنے والوں کی ایک فہرست شائع کی گئی ہے۔ صلاح الدین منڈل کی کمپنی کا نام 'الدین انٹرپرائزز'  ہے۔ اب تک صلاح الدین 60 لاکھ سے زائد جھنڈا بناکر حکومت کو فراہم کر چکے ہیں۔ 

انہوں نے تقریباً چار کروڑ ترنگے بنانے کا ہدف لیا ہے۔ ان کی کمپنی  آئندہ 12 آگست  2022 تک ترنگے تیار کر لے گی۔جسے وہ مختلف ریاستوں  میں بھیجیں گے۔  ان کے بنائے ہوئے جھنڈے 18 روپئے سے 24 روپے کے درمیان فروخت ہو رہے ہیں۔

صلاح الدین کہتے ہیں کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس سے میرے کاروبار کو فروغ ملا ہے۔ تاہم  کاروبار سے زیادہ مجھ کو اس بات پر فخر ہے کہ ہماری کمپنی آزادی کے 75ویں سال اتنے سارے ترنگے بنا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ ہر گھر  ترنگا مہم کو یقینی بنانے کی ذمہ داری مجھے بھی سونپی گئی ہے۔

واضح رہے کہ صلاح الدین کا گودام جنوبی کولکتہ کے بھوانی پور میں ہے۔ جب کہ صلاح الدین کا تعلق جنوبی 24 پرگنہ کے باروئی پور کے قریب ایک گاؤں سے ہے۔ وہ  ہندوستان کی مختلف ریاستوں مثلاً جھارکھنڈ، اتر پردیش، اڈیشہ، اروناچل پردیش اور آسام کو ترنگے فراہم کر رہے ہیں۔

 مرکزی حکومت کے تحت بنگال میں کئی تعلیمی اداروں اور تنظیموں نے پہلے ہی انہیں کےآرڈر دے رکھے ہیں۔ صلاح الدین اپنی عمر کے 30 ویں دہائی کے آخری پڑاو  میں ہے۔ وہ گزشتہ  15 سال قومی تہواروں کے موقع پر ترنگے کو بنانے اور سپلائی کرنے کا کام کر رہے ہیں۔

 تاہم یہ اب تک کا سب سے بڑا آرڈر ہے جو انہوں نے حاصل کیا ہے۔ وہ بتاتے ہیں کہ میں نے انتخابات کے دوران مختلف سیاسی جماعتوں کے ساتھ کام کیا ہے، لیکن یہ سب سے باوقار منصوبہ ہے جو مجھے اب تک ملا ہے۔

 صلاح الدین کی کمپنی میں فی الوقت  200  افراد براہ راست اور بالواسطہ کام کر رہے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں ان ملازمین میں سے بیشتر مسلمان ہیں ۔ وہ بھی اتنے بڑے آرڈر سے مالی فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم مانگ کو پورا کرنے کے لیے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں۔