سری نگر: بارہمولہ ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) کی سابق چیئرپرسن سفینہ بیگ بدھ کے روز حکمراں جماعت نیشنل کانفرنس (این سی) میں شامل ہو گئیں۔ سفینہ بیگ سابق نائب وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے شریک بانی مظفر حسین بیگ کی اہلیہ ہیں۔
انہوں نے نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ اور جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ و پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ کی موجودگی میں پارٹی کی رکنیت اختیار کی۔ سفینہ بیگ نے 2024 کے جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں بارہمولہ کے واگورہ-کریری حلقے سے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخاب لڑا تھا، تاہم انہیں کامیابی نہیں ملی۔
وہ اس سے قبل ضلع ترقیاتی کونسل بارہمولہ کی چیئرپرسن رہ چکی ہیں اور بعد میں جموں و کشمیر حج کمیٹی کی سربراہ بھی مقرر کی گئی تھیں۔ سفینہ بیگ ماضی میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) اور سجاد لون کی قیادت والی پیپلز کانفرنس سے بھی وابستہ رہ چکی ہیں۔