معذور افراد اور بزرگوں کے لئے محفوظ فٹ پاتھ ، سپریم کورٹ کا اہم حکم

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
معذور افراد اور بزرگوں کے لئے محفوظ فٹ پاتھ ، سپریم کورٹ کا اہم حکم
معذور افراد اور بزرگوں کے لئے محفوظ فٹ پاتھ ، سپریم کورٹ کا اہم حکم

 



نئی دہلی: ملک کے تمام شہریوں، خصوصاً معذور افراد اور بزرگوں کو محفوظ فٹ پاتھ فراہم کرنے کے لیے سپریم کورٹ نے ایک اہم حکم جاری کیا ہے۔ عدالت نے مرکزی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ وہ چار ہفتوں کے اندر ایسے رہنما اصول (گائیڈ لائنز) مرتب کرے جن کے ذریعے ملک بھر کے تمام فٹ پاتھوں کو قابل رسائی اور تجاوزات سے پاک بنایا جا سکے۔

یہ حکم ڈاکٹر ایس. راجاسیکرن کی جانب سے دائر کی گئی ایک مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کے دوران دیا گیا، جس میں درخواست گزار نے ہندوستان میں فٹ پاتھوں کی خستہ حالت اور معذور افراد کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا تھا۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ ملک کے کئی علاقوں میں فٹ پاتھ ہیں ہی نہیں، اور جہاں موجود ہیں، وہ یا تو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں یا ان پر غیر قانونی تجاوزات ہو چکی ہیں۔

اس صورتحال سے نہ صرف معذور افراد کی آمدورفت مشکل ہو جاتی ہے بلکہ عام پیدل چلنے والوں کی جان بھی خطرے میں پڑ جاتی ہے۔ درخواست میں آئین ہند کے آرٹیکل 14 (برابری کا حق) اور آرٹیکل 21 (زندگی کے حق) کا حوالہ دیتے ہوئے دلیل دی گئی کہ ہر شہری کو محفوظ طریقے سے چلنے کا بنیادی حق حاصل ہے۔

جسٹس جے. بی. پاردیوالا اور جسٹس آر. مہادیون پر مشتمل بنچ نے کہا کہ اس موضوع پر تاحال کوئی جامع قومی پالیسی یا گائیڈ لائنز موجود نہیں ہیں، اس لیے مرکزی حکومت کو تین اہم نکات پر رہنما اصول بنانے ہوں گے۔ نئی اور پرانی تمام سڑکوں پر تکنیکی معیار کے مطابق فٹ پاتھ کی موجودگی لازمی بنائی جائے۔ فٹ پاتھ کا ڈیزائن ایسا ہو کہ معذور افراد کو کہیں بھی پریشانی نہ ہو۔

فٹ پاتھوں سے تجاوزات ہٹانے اور آئندہ روکنے کے لیے مؤثر نظام قائم کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اگر مرکزی حکومت مقررہ وقت میں گائیڈ لائنز بنانے میں ناکام رہی، تو عدالت خود "امیکس کیوری" (عدالت کے دوست) کی مدد سے رہنما اصول تشکیل دے گی۔ عدالت نے ریاستی حکومتوں کو بھی یہ اختیار دیا ہے کہ وہ یا تو ان قومی گائیڈ لائنز کو اپنائیں یا اپنی گائیڈ لائنز بنائیں، لیکن یہ لازمی ہے کہ تمام ریاستوں میں ایک جیسے معیارات ہوں۔

قومی شاہراہ اتھارٹی (NHAI) کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اس معاملے پر اپنا مؤقف واضح کرتے ہوئے ایک حلف نامہ داخل کرے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت یکم ستمبر 2025 کو ہوگی، جس میں مرکز اور ریاستوں کی کارکردگی اور جواب دہی کا جائزہ لیا جائے گا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے نے معذور افراد اور پیدل چلنے والوں کے حقوق کو مضبوطی سے اجاگر کیا ہے۔