صفابیت المال:آندھراوتلنگانہ میں خدمت خلق کا مرکز

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-04-2021
صفابیت المال،حیدرآباد
صفابیت المال،حیدرآباد

 

 

حیدرآباد۔عطیہ کے ماں باپ گزر چکے ہیں۔ اس کی پرورش حیدرآباد کے ایک یتیم خانے میں ہوئی۔ جب اس کی شادی کا مرحلہ آیا صفا بیت المال نے اسے یتیمی کا احساس ہونے نہیں دیا اور کسی عام لڑکی کی طرح ایک شادی خانہ میں اس کی شادی کا انتظام کیا گیا اور اُسے ضروریات زندگی کا پورا سامان دیا گیا۔ وجئے اماں کا گھر حیدرآباد کے حالیہ سیلاب میں بری طرح متاثر ہوا۔

اس کا پورا سامان بہہ گیا۔ اُسے نئے سرے سے زندگی شروع کرنی تھی۔ صفا بیت المال نے اُس سے اپنی خصوصی کوپنس اسکیم کے ذریعہ ہر وہ چیز دی جس کی دوبارہ زندگی کو کھڑا کرنے کیلئے ضرورت تھی۔ رزاق ایک معمولی پڑھا لکھا بیروزگار نوجوان تھا‘ صفا بیت المال کی بروقت امداد سے اس نے ایک چھوٹا موٹا کاروبار شروع کیا اور آج وہ اس کاروبار کے ذریعہ اپنے خاندان کی کفالت کے لائق ہوگیا ہے۔

ضروت مندوں میں تقسیم کے لئے تیاررمضان کٹ

ایسی اور بھی کئی کہانیاں ہیں۔ صفا بیت المال انڈیا جس کا مرکزی دفتر متصل مسجد الفلاح واحد نگر قدیم ملک پیٹ واقع ہے جو حکومت ہند کا منظورہ ادارہ ہے 2006ء کے او اخر میں چند مخلص علماء کرام کی کوششوں اور کاوشوں سے اس ادارہ کا قیام عمل میں آیا جو گزشتہ 11 سالوں سے مسلسل انسانیت کی بنیاد پر بلا لحاظ مذہب و ملت ملک کی 11 ریاستوں میں رفاہی و فلاحی خدمات انجام دے رہا ہے۔

صفا بیت المال صرف ایک تنظیم یا ادارہ نہیں ہے بلکہ اس ادارہ نے ایک تحریک کی شکل اختیار کرلی ہے۔ صفا بیت المال حیدرآباد، حیدرآباد و سکندر آباد کے 70 سے زائد محلوں میں مختلف و متعدد خدمات انجام دے رہا ہے، جس ادارہ نے آج سے 10 سال قبل صرف اسپتالوں کے دوروں اور مریضوں کی عیادت سے اپنے کام کا آغاز کیا تھا،

آج اس ادارہ کے 30 سے زائد شعبہ جات قائم ہیں اور 150 افراد کا عملہ صرف حیدرآباد میں با تنخواہ خدمات انجام دے رہا ہے۔ حیدرآباد کے 26 محلوں میں صفا موبائیل کلینک کیمپس کے کاؤنٹر قائم ہیں۔

 روزانہ ایک محلہ کی ترتیب پر مفت میڈیکل کیمپس منعقد ہوتے ہیں اور پسماندہ علاقوں کے ان بیماروں کا مفت معائنہ کیاجاتا ہے اور شوگر، بی پی، استھما، تھائیراڈ جیسی بیماریوں میں مبتلا افراد کو مہینہ بھرکی دوائیں مفت دی جاتی ہیں اور مہینہ میں 26 میڈیکل کیمپس سے رجوع ہونے والے ہزاروں بیماروں کی بیماریوں کے معائنہ کیلئے صفا بیت المال نے صفا ڈائیگناسٹک سنٹر بھی قائم کیا ہے جہاں تمام بیماریوں کے تمام ٹسٹ مفت کئے جاتے ہیں۔

ادارہ نے پسماندہ علاقوں میں مقیم افراد کی غربت اور انکی پسماندگی کا پتہ لگانے اور ان میں امدادی کاموں کی انجام دہی کیلئے دس افراد پر مشتمل سروے ٹیم تیارکی ہے جو مستحق اور غربت کا شکار افراد کی تحقیق و تفتیش کرتی ہے اور ان کی غربت کی سطح کی بنیاد پر انہیں استحقاق کارڈ دئیے جاتے ہیں۔

ادارہ نے سینکڑوں مستحق بیواؤں میں ماہانہ وظائف کا سلسلہ بھی جاری رکھا ہے اور ایک ہی گھر میں موجود دو یا دو سے زائد معذوروں کی کفالت بھی جاری ہے۔ سنگارینی کالونی اور کشن باغ میں صفابیت المال کے تحت صفا ہیلت کیر سنٹرس قائم ہیں، جہاں طبی اہلکارایم بی بی ایس ڈاکٹرس کے ساتھ مفت خدمات انجام دیتا ہے اور روزانہ سینکڑوں بیماروں کا مفت علاج ہوتا ہے اور دوائیں بھی مفت دی جاتی ہیں۔

کشن باغ کے غریب کاروباریوں کو فی کس5000 روپئے بلاسودی قرضہء حسنہ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ غریب میتوں کی تجہیز و تکفین اور لاوارث میتوں کی تدفین تک کے سارے مراحل کو صفا بیت المال کی ٹیم مفت انجام دیتی ہے۔

ہر سال ماہِ رمضان المبارک سے قبل شہر حیدرآباد کے 70 سے زائد محلوں کے 2500 گھرانوں تک 50,00,000 لاکھ روپئے مالیتی رمضان راشن تقسیم کیاجاتا ہے اور ملک کی 11 ریاستوں میں قائم شاخوں کے زیر اہتمام 1,50,00000 (دیڑھ کروڑ) روپئے مالیتی رمضان راشن بھی تقسیم کیاجاتا ہے۔ حیدرآباد کے مختلف محلوں میں صفا ٹیلرنگ سنٹر س بھی قائم ہیں اور سینکڑوں کی تعداد میں غریب خواتین و طالبات سلائی کی تربیت حاصل کرتی ہیں اور یہ سلسلہ گزشتہ 10 سالوں سے جاری ہے۔

غریب طلباء کو حکومت کی جانب سے اسکالرشپ میں رہنمائی، معذوروں اور بیواؤں کیلئے ماہانہ وظائف کی رہنمائی اور حکومت کی جانب سے غریب لڑکیوں کی شادیوں کیلئے امداد ی اسکیم کے سلسلہ میں رہنمائی بھی کی جاتی ہے۔

صفابیت المال قیدی بچوں کیلئے ماہِ رمضان میں ان بچوں کیلئے افطار کا بھی نظم کرتا ہے۔ عیدالاضحی کے موقع پر صفا بیت المال ملک کی 10 ریاستوں کے 600 سے زائد دیہاتوں کے 10,000 سے زائد غریب گھرانوں تک قربانی کا گوشت تقسیم کرتا ہے۔

شہر حیدرآباد کے عثمانیہ اسپتال اور چار مینار اسپتال میں مسلسل ٹھنڈا اور صاف پانی بیماروں اور مسافروں کو پلایاجاتا ہے اور اس خدمت کیلئے صفابیت المال نے ان دونوں اسپتالوں میں واٹر پلانٹ بھی قائم کیا ہے۔ صفابیت المال نے بوقت ضرورت بیماروں کو خون فراہم کرنے کیلئے صفا بلڈ ڈونیشن سرویس بھی قائم کی ہے، نیز غریب بیماروں کیلئے درکار طبی اشیاء واکر، وہیل چیر، ایر بیڈ وغیرہ بھی ہمیشہ اس ادارہ سے دستیاب رہتے ہیں۔

بے روزگار افرادکو روزگار فراہم کرنے کیلئے صفا روزگار فراہمی شعبہ بھی قائم ہے۔ موسمِ سرما میں فٹ پاتھں اور ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ کے پاس سردی میں ٹھٹرتے ہوئے لوگوں کو بلا لحاظ مذہب و ملت بلانکٹس کی تقسیم بھی ہر سال کی جاتی ہے۔

مظفر نگر فسادات سے متاثرہ افراد کیلئے صفا بیت المال نے کیرانہ یوپی کی سرزمین میں دیڑھ کروڑ (1,50,00000) روپئے کی لاگت سے صفا کالونی قائم کی ہے، جہاں تقریباً 100 خاندان زندگی بسر کررہے ہیں، ان کیلئے مسجد اور اسکول اور مدرسہ بھی تعمیر کیاگیا ہے۔ صفا بیت المال نے کشمیر کے سیلاب، وشاکھاپٹنم کے طوفان، اور نیپال کے زلزلہ کے موقع پر بھی اپنی ٹیم کے ذریعہ رفاہی خدمات انجام دیں۔

۔ صفابیت المال نے اب تک آندھرا پردیش، تلنگانہ، مہاراشٹرا، آسام، جھارکھنڈ اور کشمیر کے 250 دیہاتوں میں 250 مسجدیں تعمیر کی ہیں اور 1000 سے زائد بورویلس ایسے دیہاتوں میں تنصیب کئے گئے ہیں جہاں پانی کی قلت رہی ہے۔(ان پٹ ایجنسی)