ماسکو :پوتن سے ڈوبھال کی ملاقات , دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی حمایت کے لیے ادا کیا شکریہ ،روسی صدر کا دورہ ہندعنقریب

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2025
روسی صدر پوتن کا دورہ ہندعنقریب
روسی صدر پوتن کا دورہ ہندعنقریب

 



نئی دہلی/ماسکو -قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) اجیت ڈوبھال نے پہلگام دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان کی حمایت پر روسی صدر ولادیمیر پوتن کا ذاتی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کا پیغام ان تک پہنچایا۔

جمعرات کو ماسکو میں روسی سلامتی کونسل کے سیکریٹری سرگئی شوئیگو سے ملاقات کے دوران اجیت ڈوبھال نے کہا کہ "وزیر اعظم نے مجھے ذاتی طور پر صدر پوتن کا شکریہ ادا کرنے کو کہا ہے کہ انہوں نے پہلگام واقعے پر ہندوستان کا ساتھ دیا۔اعلیٰ سطحی بات چیت کے دوران ڈوبھال نے ہند-روس تعلقات کو "نہایت خصوصی اور طویل المدتی" قرار دیا اور کہا کہ ان تعلقات نے ہندوستان کی سلامتی میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم اس حمایت کے لیے انتہائی شکر گزار ہیں۔ ان تعلقات نے ہمارے قومی سلامتی کے ڈھانچے کو مستحکم کرنے میں زبردست کردار ادا کیا ہے، جو کہ ہمارے لیے بے حد اہم ہے۔"مذاکرات میں صدر پوتن کے اگست میں متوقع دورۂ بھارت کی تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ حالیہ ہند-روس بین الحکومتی اجلاس برائے تجارت، سائنس، ٹیکنالوجی اور ثقافت کی کامیابیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ڈوبھال نے مسلسل مکالمے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ "ہمارے لیے سربراہی اجلاس ہمیشہ نہایت اہم رہے ہیں، اور ہم امید کرتے ہیں کہ آئندہ ملاقاتیں بھی نتیجہ خیز ثابت ہوں گی۔دہشت گردی کے خلاف مشترکہ عزم پر زور دیتے ہوئے این ایس اے نے کہا:"ہم دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے اتنے ہی پُرعزم ہیں جتنے آپ۔ ہماری شراکت داری اس جدوجہد میں ایک کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔"

اجیت ڈوبھال کے یہ بیانات ہندوستان اور روس کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات، انسدادِ دہشت گردی کے لیے مشترکہ کوششوں اور علاقائی سلامتی کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں

جیت ڈوبھال نے جمعرات کو کہا کہ روس کے صدر ولادیمیر پوتن جلد ہی ہندوستان کے دورے پر آئیں گے۔ ماسکو میں موجود ڈوبھال نے تاریخوں کا ذکر نہیں کیا، لیکن انٹرفیکس نیوز ایجنسی کے مطابق یہ دورہ اگست کے آخر میں متوقع ہے۔

این ایس اے اجیت ڈوبھال نے کہاہندوستان اور روس کے درمیان ایک خصوصی تعلق ہے، جسے ہم بہت اہمیت دیتے ہیں۔ ہمارے درمیان اعلیٰ سطحی روابط رہے ہیں۔ صدر پوتن کے ہندوستان آنے کی خبر سن کر ہم بہت خوش اور پرجوش ہیں۔ میرا خیال ہے کہ اب جلد ہی اس کی تاریخ بھی طے ہو جائے گی۔ پوتن کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب امریکہ نے روسی تیل کی خریداری نہ روکنے پر ہندوستان پر 50 فیصد ٹیرف (محصول) عائد کر دیا ہے۔

اجیت ڈوبھال کے روس کے دورے سے پہلے ماسکو نے ہندوستان کے اپنے تجارتی شراکت دار چننے کے حق کا دفاع کرتے ہوئے امریکہ اور ٹرمپ کو نشانہ بنایا۔ کریملن کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے کہا تھاروس کے ساتھ تجارتی تعلقات توڑنے پر دوسرے ممالک کو مجبور کرنا غیر قانونی ہے۔

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بدھ (6 اگست 2025) کو ایک نئے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے، جس کے تحت ہندوستان پر 25 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا گیا ہے۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر ماسکو نے یوکرین میں جنگ کو جمعہ (8 اگست 2025) تک نہ روکا تو وہ روسی تیل خریدنے والے ممالک پر سیکنڈری ٹیرف لگائیں گے۔

کریملن نے جمعرات (7 اگست 2025) کو کہا کہ پوتن جلد ہی ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔ روسی صدر کے خارجہ امور کے مشیر یوری اوشاکوف نے کہا کہ دونوں ممالک ایک ملاقات کی تیاری میں مصروف ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرمپ اور پوتن کہاں ملاقات کریں گے، اس پر اتفاق ہو چکا ہے، اور اس کا باضابطہ اعلان بعد میں کیا جائے گا۔