نئی دہلی / آواز دی وائس
ملک بھر کے یوٹیوبرز اور انفلوئنسرز کے لیے بڑی اہم خبر سامنے آئی ہے۔ سپریم کورٹ نے پیر کو مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیے جانے والے تمام مواد کو قابو میں رکھنے کے لیے مجوزہ رہنما خطوط کا ریکارڈ عدالت میں پیش کرے۔ ساتھ ہی عدالت نے یہ بھی صاف کیا کہ یہ رہنما خطوط نیوز براڈکاسٹنگ اسٹینڈرڈ اتھارٹی کے مشورے سے تیار کیے جائیں۔ اب اس معاملے کی اگلی اور اہم سماعت نومبر میں ہوگی۔
سپریم کورٹ نے مرکز سے کیا کہا
سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا پر اظہارِ رائے کی آزادی کے غلط استعمال پر اپنی تشویش ظاہر کی۔ عدالت نے کہا کہ بااثر لوگ اس آزادی کو کاروبار کے طور پر استعمال کر رہے ہیں جس سے معذور افراد، خواتین، بچے، بزرگ اور اقلیتوں کے جذبات مجروح ہو سکتے ہیں۔ جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جَوی مالیہ بَگچی کی بنچ نے مرکز کو یہ ہدایت دی۔
پوڈکاسٹ بھی ہوں دائرے میں
سپریم کورٹ نے کہا کہ پوڈکاسٹ جیسے آن لائن شوز سمیت سوشل میڈیا پر رویے کو منظم کرنے کے لیے قومی نشریاتی اداروں اور ڈیجیٹل ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر رہنما خطوط تیار کیے جائیں۔ وکیل نِشا بھمبھانی نے اس معاملے میں ڈیجیٹل ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی۔ عدالت نے کہا کہ ان رہنما خطوط کا مقصد اظہارِ رائے کی آزادی اور سماج کے مختلف طبقوں کے باوقار زندگی کے حق کے درمیان توازن قائم کرنا ہونا چاہیے۔
سمے رائنا کیس کی سماعت
یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا جب عدالت کامیڈین سمے رائنا کے خلاف معذور افراد پر غیر حساس مذاق کے معاملے کی سماعت کر رہی تھی۔ عدالت نے اسے اظہارِ رائے کی آزادی کا غلط استعمال قرار دیا۔ جسٹس بَگچی نے کہا ko ہنسنا زندگی کا لازمی حصہ ہے لیکن ہنسی کے بہانے حساسیت کو ٹھیس نہیں پہنچنی چاہیے۔ ہم مختلف برادریوں کا ملک ہیں۔ وہیں، جسٹس سوریہ کانت نے کہا کہ معذوروں پر لطیفے بنا کر انہیں مرکزی دھارے میں لانے کا آئینی مقصد ہی ختم ہو جاتا ہے۔
رہنما خطوط میں واضح نتائج ہوں
عدالت نے یہ بھی کہا کہ رہنما خطوط میں خلاف ورزی کے واضح اور مؤثر نتائج طے کیے جانے چاہئیں۔ جسٹس سوریہ کانت نے کہا كہ جب تک نتائج مؤثر نہیں ہوں گے، لوگ ذمہ داری سے بچنے کے لیے ادھر اُدھر بھٹکتے رہیں گے۔ یہ نتائج صرف رسمی کارروائی نہیں ہونے چاہئیں۔